وفاقی حکومت نے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش مکمل طور پر رد کردی

حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش رد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی دہشتگرد جماعت ہے اور تخریب کاروں  سے مذاکرات نہیں کیے جاسکتے ہیں، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر مذاکرات کا حامی ہوں مگر اس وقت بات چیت کا ماحول نہیں ہے

وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  کی  مذاکرات کی پیشکش کو مکمل طور پر مسترد کردیا ۔نون لیگ کے وفاقی وزراء کہتے ہیں اب مذاکرات کا ماحول نہیں ہے ۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے مذاکرات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے تاہم مسلم لیگ نون کے قائد، وفاقی وزیر اطلاعات اور وزیر داخلہ نے مذاکرات کو رد کیا  ۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی کے ایم این اے عطا اللہ اور ٹکٹ ہولڈر مہر شرافت علی کا پارٹی نہ چھوڑنے کا عزم

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جب مذاکرات کی پیشکش کی تو حکومت مزید سختیاں شروع کردی تی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کرنے والے میری باتوں پر دھیان دیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش کر رد کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت صرف سیاست دانوں سے کی جاتی ہے تخریب کاروں سے کوئی بات نہیں ہوتی ہے ۔

نون لیگ کے قائد نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کو جلانے والے، ملک کو آگ لگانے والے دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے گروہ سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور آرگنائزر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردوں سے مذاکرات نہیں ہوتے ہیں ۔

مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام  میں کہا کہ یہ بات یاد رکھیں کہ  مذاکرات یا بات چیت سیاسی جماعتوں سے ہوتی ہے ۔ دہشت گردوں اور فتنہ پھیلانے والوں سے  بات چیت نہیں  کی جاتی ہے ۔

نون لیگی رہنما، وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی پیشکش پر نسبتاً نرم رویہ اپنایا تاہم انہوں نے بھی مذاکرات کے امکان کو مسترد کردیا ہے ۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنماؤں اور دوستوں کے اختلافات کے باوجود ہمیشہ مذاکرات کا حامی رہا ہوں مگر تحریک انصاف والوں نے ہمیشہ سیاسی بات چیت کو مذاق اڑایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان  ہمیشہ ملک کی  سیاسی جماعتوں کو چور اور غدار کہتے رہے ہیں مگر اس کے باوجود میں مذاکرات اور بات چیت کا حامی رہا ہوں مگر اب مذاکرات کا ماحول نہیں ہے ۔

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بات کرنے کا ماحول اور ایجنڈا ہوتا ہے لیکن مذاکرات کا یہ ماحول نہیں ہے۔ عمران خان نے جو کمیٹی بنائی اس سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔

متعلقہ تحاریر