غیرقانونی گرفتاری: عمران خان نے چیئرمین نیب کو 15 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا
عمران خان کے وارنٹ گرفتاری نیب آرڈیننس کی دفعہ 24 کے مطابق غیر قانونی تھے،قانونی تقاضے کے مطابق عمران خان کو بار بار نوٹسز نہیں بھجوائے گئے، نیب انکوائری کو تفتیش میں خفیہ طور پر تبدیل کیا گیا، عمران خان کو 9 مئی کودہشت گرد کی طرح گرفتار کیا گیا، نوٹس

سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے غیرقانونی وارنٹ کے اجرا اور غیرقانونی گرفتاری پر چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا۔
عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو15 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا۔نوٹس چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل ابوذر سلمان نیازی کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اسٹیبلشمنٹ کا پلان بی آیا تو پی ڈی ایم والے وہاں ہوں گے جہاں آج پی ٹی آئی والے ہیں، عمران خان
معروف سماجی کارکن، وکیل اور سیاستدان جبران ناصر کراچی سے اغوا
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری یکم مئی کو چھٹی کے روز جاری کیے گئے، وارنٹ جاری ہونے کے بعد ان کو 8 روز تک خفیہ رکھا گیا، عمران خان کو 9 مئی کو رینجرز کے ذریعے ایک دہشتگرد یا کالعدم تنظیم کے رکن کی طرح گرفتار کیا گیا۔
نیب کی جانب سے عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری اور غیر قانونی وارنٹ کا اجراء
چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے چئیرمین نیب کیخلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کا آغاز
چئیرمین نیب لفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو 15 ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا گیا
نوٹس چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل ابوذر… pic.twitter.com/c5uwsLrEt6
— PTI (@PTIofficial) June 1, 2023
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری نیب آرڈیننس کی دفعہ 24 کے مطابق غیر قانونی تھے،قانونی تقاضے کے مطابق عمران خان کو بار بار نوٹسز نہیں بھجوائے گئے، نیب انکوائری کو تفتیش میں خفیہ طور پر تبدیل کر دیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نیب قانون کے سیکشن 13 کے مطابق انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کرتے وقت ملزم کو آگاہ کرنا لازم ہے ، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے عمران خان کے بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے، چیئرمین نیب نے دانستہ طور پر غیر قانونی کارروائی کی جس سے ان کی بدنیتی واضح ہے،بدنیتی کی صورت میں چیئرمین نیب کو قانونی کارروائی سے کسی قسم کا تحفظ یا استثنا حاصل نہیں ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب فوری طور پر چیئرمین تحریک انصاف سے غیرمشروط معافی مانگیں اور تحریک انصاف کو 15 ارب بطور ہرجانہ ادا کریں، نوٹس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی آگے بڑھائیں گے ۔









