توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
نثار درانی کی سربراہی میں ای سی پی کے چار رکنی بینچ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تحفظات مسترد کرتے ہوئے ای سی پی کے توہین عدالت کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری، اسد عمر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری ای سی پی کے سامنے پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے
وسیم اکرم، وقاریونس اور مشتاق احمد بیرون ملک لینڈ مافیا کے سفیر بن گئے؟
القادر ٹرسٹ کیس سمیت دیگر کیسز میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کا کہنا تھا کہ جواب دہندگان کو ذاتی طور پر پیش ہونا چاہیے تھا ، کیونکہ ای سی پی اب جواب دہندگان کے خلاف الزامات کا تعین کرے گا۔
نثار درانی کی سربراہی میں ای سی پی کے چار رکنی بینچ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف مبینہ طور پر نامناسب زبان استعمال کرنے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف توہین ای سی پی کی کارروائی شروع کی تھی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے ای سی پی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 10 کے تحت توہین عدالت کی کارروائی شروع پر الیکشن کمیشن کے اختیارات کو مختلف عدالتوں میں چیلنج کیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ، جس میں عدالت عظمیٰ سے ہائی کورٹ کے سامنے دائر تمام چھ درخواستوں کو یکجا کرنے کا مطالبہ کیا۔
سپریم کورٹ نے ای سی پی کو پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سیکشن 10 کے تحت کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی تھی، لیکن اس نے انتخابی ادارے کو حتمی احکامات دینے سے روک دیا تھا۔









