ملک بھر یوم تقدس قرآن آج منایا جا رہا ہے
یوم تقدس قرآن کے سلسلے میں ملک بھر میں سویڈن حکومت کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف آج حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منایا جا رہا ہے۔
اس دن کا اعلان وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
اس سلسلے میں ملک بھر میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کر کے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر شدید برہمی کا اظہار کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے خلاف سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی زیرقیادت احتجاجی ریلی کا انعقاد
توشہ خانہ کیس: سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے خلاف عمران خان کی درخواست منظور کرلی
مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نماز جمعہ کے خطبات میں قرآن پاک کی حرمت پر روشنی ڈالیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں سمیت قوم سے اپیل کی تھی کہ وہ شرپسند ذہنوں کو متحدہ پیغام دینے کے لیے احتجاج میں شرکت کریں۔
انہوں نے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کو یوم تقدس قرآن میں شرکت اور ملک گیر ریلیاں نکالنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی حرمت مسلمانوں کے عقیدے کا حصہ ہے جس کے لیے سب متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گمراہ ذہن اسلامو فوبیا کے منفی رجحان کو ہوا دینے کے مذموم ایجنڈے پر گامزن تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن اور بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی قوموں اور قیادت کو اسلامو فوبیا اور مذہبی تعصبات سے متاثر ہونے والی متشدد قوتوں کو روکنا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مذہب، مقدس ہستیوں، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہنیت درحقیقت عالمی امن کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں ایسے منفی رجحانات سے نجات کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنا کردار ادا کریں۔
پارلیمنٹ نے قرارداد پاس کی
جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی تھی جس میں سویڈن حکومت سے کہا گیا تھا کہ وہ قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے۔
پاکستانی حکومت نے اس مسئلے پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا خصوصی مشترکہ اجلاس بلایا کیونکہ جمعہ کو یوم تقدس قرآن کے طور پر منایا جانا تھا۔
وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ ایوان تمام مذاہب، عقائد اور مقدس کتابوں کے احترام پر یقین رکھتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ "یہ ایوان اس بات پر زور دیتا ہے کہ سویڈش حکومت مجرموں کے خلاف مناسب اقدامات کرے جس میں قانونی کارروائی بھی شامل ہے، اور اس بات کو یقینی بنانا کہ مستقبل میں ایسی کوئی حرکت نہ ہو۔”
قرار داد میں زور دیا گیا ہے کہ اسلامو فوبیا کے واقعات کو بھی اسی سنجیدگی کے ساتھ نمٹا جانا چاہیے جس طرح دوسرے مذاہب کے خلاف نفرت کا ہے۔









