190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان کے سابق پرنسپل سیکریٹری نیب کے سامنے میں پیش
چیئرمین تحریک انصاف کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔
سائفر تنازعہ کے بعد سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس میں تفتیش میں بطور گواہ پیش ہوگئے۔
نیب نے اعظم خان کو 20 جولائی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقررہ دن صبح 10 بجے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
اعظم خان جمعے کے روز ذاتی حیثیت میں نیب کی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ جہاں انہوں نے نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔
یہ بھی پڑھیے
توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر
دوران سماعت اعظم خان نے تفتیشی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور جے آئی ٹی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں چیئرمین تحریک انصاف کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے عمران خان کے سائفر بیانیے کو "بے بنیاد” قرار دیا تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی سربراہ نے تحریک عدم اعتماد سے بچنے کےلیے سائفر کا ڈرامہ رچایا تھا۔
عمران خان کے سابق پرنسپل سکریٹری اعظم خان نے سائفر معاملے سے متعلق دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرایا تھا۔
دفعہ 164 کے تحت دیئے گئے بیان میں اعظم خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے سائفر کا ڈرامہ رچایا۔
اعظم خان کے بیان کے مطابق جب انہوں نے عمران خان کو سائفر پیش کیا تو پی ٹی آئی کے سربراہ نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور استعمال ہونے والی زبان کو ’’امریکی غلطی‘‘ قرار دیا تھا۔









