سندھ کی حکمراں جماعت ہڑتال اوراحتجاج کرے گی

شہری تاجر اتحاد کے صدر حماد رشید پونے والا کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا کرونا کے حوالے سے اور پی ڈی ایم کے جلسے کے تناظر میں علیحدہ علیحدہ موقف ہے

پاکستان میں حزب مخالف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے وفاقی حکومت کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے جس میں پیپلز پارٹی بھی شامل ہے جو صوبہ سندھ کی حکمراں جماعت ہے۔

پی ڈی ایم کے تحریک چلانے کے فیصلے کے بعد پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔   پورے ملک میں جہاں پی ڈی ایم احتجاج یا ہڑتال کرے گی پپلزپارٹی نے اس کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہ ہونے والے اجلاس کے بعد پپلزپارٹی کے چئرمین بلاول بھٹو نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔ پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مزید فیصلے کئے جائیں گے۔

اس اجلاس میں رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا استعفوں پر سب کا اتفاق ہوا ہے۔ ادھر بلاول ہاؤس کے ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنماؤں نے سندھ حکومت کا فیصلہ پارٹی کے چیئرمین پر چھوڑ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی وزیراعظم کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام

بیشتر وزرا نے بلاول بھٹو کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی قیادت استعفے چئرمین بلاول بھٹو کو پیش کرسکتی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر ناصر حسین شاھ نے سندھ کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس دوران کہا کہ استعفے اسپیکر کو جمع کرائے جائیں گے۔

پی ڈی ایم رہنما

پپلزپارٹی نے جو سندھ کی حکمراں جماعت ہے وفاقی حکومت کے خلاف ہڑتال یا احتجاج کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے ترجمان مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کا حصہ ہے۔ جو پی ڈی ایم کا فیصلہ ہوگا اس پر عمل کیا جائے گا۔

وفاقی حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جارہا ہے۔ جہاں جہاں احتجاج ہوگا پپلزپارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ کاروبار بند کرانے کا فیصلہ یا پہیہ جام ہڑتال کا اعلان پی ڈی ایم کی قیادت کے پاس ہے۔

اس حوالے سے کراچی شہری تاجر اتحاد کے صدر حماد رشید پونے والا کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا کرونا کے حوالے سے اور پی ڈی ایم کے جلسے کے تناظر میں علیحدہ علیحدہ موقف ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے حوالے سے ایس او پیز کے نام پر ڈرایا اور دھمکایا جارہا تھا اور جب ملک میں پی ڈی ایم کا مجمع اکھٹا کیا جارہا تھا وہاں ایس او پیز نظر انداز کیے گئے۔

حماد رشید پونے والا کا کہنا تھا کہ ہڑتالوں سے معشت کا نقصان ہوگا کیونکہ پہلے ہی کاروبار کرونا کی وبا کی وجہ سے نقصان میں جا چکا ہے۔ دوسری طرف ہڑتالوں سے مزید نقصان ہوگا۔

 اُن کے مطابق موجودہ صورتحال میں کوئی کاروباری فرد ہڑتال برداشت نہیں کرسکے گا۔ شہری تاجر اتحاد کے صدر کا کہنا تھا کہ پپلزپارٹی نے پہلے بھی تاجروں کے کاروبار کو بند کروایا اب ایسا ہوا تو ملکی معیشت برداشت نہیں کر پائے گی۔

اُدھر تحریک انصاف کے سندھ میں نائب صدر حلیم عادل شیخ کا کہناہے کہ حکومت کو پی ڈی ایم کا کوئی خوف نہیں البتہ عوام کی فکر ہے۔ اُن کے مطابق پی ڈی ایم کے سارے حربے ناکام ہوچکےہیں اور عوام مزید گمراہ نہیں ہوں گے۔

اُنھوں نے الزام عائد کیا کہ پی ڈی ایم عوام کو کرونا میں دھکیل رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان و دیگر کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ آمریت کی گود میں پلنے والے آج جمہوریت کا درس دے رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر