سال 2020 نے پاکستان سے کس کس کو چھین لیا؟

پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کرنے والی کئی نامور شخصیات ان 12 مہینوں میں ہم سے بچھڑ گئیں جن کا تعلق کھیل، مذہب، سیاست اور شوبز سے تھا۔

سال 2020 کو لوگ کوویڈ 19 کی وجہ سے تو یاد رکھیں گے لیکن اس سال نے دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو بہت دکھ دیئے۔ پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کرنے والی کئی نامور شخصیات ان 12 مہینوں میں ہم سے بچھڑ گئیں جن کا تعلق کھیل، مذہب، سیاست اور شوبز سے تھا۔

مذہبی رہنما

2020 کے دوران پاکستان میں یکے بعد دیگرے مذہبی رہنماؤں کے انتقال سے ماحول سوگوار ہوگیا۔ 20 جون کو جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مفتی محمد نعیم کو 62 سال کی عمر جان لیوا دل کا دورہ پڑا۔ ابھی ان کی قبر کی مٹی نہیں سوکھی تھی کہ دو د ن بعد معروف عالم دین علامہ طالب جوہری طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملے۔

26 جون میں ہی سابق امیر جماعت اسلامی منور حسن بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔ جبکہ 13 ستمبر کو معروف عالم دین ضمیر اختر نقوی بھی اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ گئے۔ تحریکِ لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی 20 نومبر کو کرونا کی وجہ سے جہان فانی سے کوچ کر گئے۔

سیاستدان

گزشتہ سال سیاست کے میدان سے بھی کچھ اچھی خبریں نہیں آئیں۔ نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر میر حاصل بزنجو  20 اگست کو انتقال کر گئے۔ جبکہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ 12 نومبر کو دنیا سے رخصت ہوگئے۔

اسی سال 3 دسمبر کوپاکستان کے پندرہویں وزیراعظم اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر میر ظفراللہ خان جمالی اپنے چاہنے والوں سے بچھڑ گئے۔ ایک دن کے وقفے کے بعد احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کورونا کے آگے زندگی ہار گئے۔

شوبز

2020 کے دوران ٹی وی اور فلموں کے کئی ستاروں نے جگمگانا چھوڑ دیا۔ 6 مارچ کو معروف کامیڈین امان اللہ لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے گردوں اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ 10 مئی کو ممتاز مزاحیہ شاعر، ڈرامہ نگاراور اداکار اطہر شاہ خان ’جیدی‘ بھی اپنے مداحوں سے بچھڑ گئے۔ 22 مئی کو کراچی میں ہونے والے طیارہ حادثے میں ماڈل زارا عابد کی موت واقع ہوئی انہیں بعد از مرگ لکس اسٹائل ایوارڈ میں بہترین ماڈل کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

معروف نغمہ نگار شکیل سہیل 11 جون کو 55 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔اسی روز ڈرامہ سیریل گیسٹ ہاؤس سے شہرت پانے والے اداکار طارق ملک بھی خالق حقیقی سے جاملے۔

یہ بھی پڑھیے

2020 برا 2021 کیسا؟

دو دن بعد پاکستان فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین اداکارہ صبیحہ خانم طویل علالت کے بعد امریکہ میں انتقال کر گئیں۔ جبکہ پاکستان میں ٹیلی ویژن نشریات کا آغاز کرنے والے اور 45 سال تک نیلام گھر کی میزبانی کرنے والے طارق عزیز بھی 17 جون کو اپنے مداحوں کو غمگین چھوڑ گئے۔

فلم اور ٹی وی کے ایک اور اداکار مرزا شاہی بھی 29 ستمبر کو عالمی وبا کرونا وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔ پنجابی سنیما کی ہیر فردوس بیگم بھی 16 دسمبرکو 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ سال کے آخر میں انٹرنیشنل ایوارڈ یافتہ فلم ’رحم‘ کے پروڈیوسر محمود جمال بھی 23 دسمبر کو لندن میں کرونا سے انتقال کرگئے۔

کھیل

اس سال پاکستان کے ایک نہیں، دو نہیں بلکہ چار ٹیسٹ کرکٹرز زندگی کی بازی ہار گئے۔ 28 جنوری کو فاسٹ باؤلر محمد مناف، 84 سال کی عمر میں ایمسٹرڈیم میں انتقال کر گئے۔ 10 فروری کو اولین ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑی وقار حسن  دنیا سے رخصت ہوگئے۔ جبکہ دو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے خالد وزیر بھی 27 اپریل کو انگلینڈ میں انتقال کرگئے۔ ایک اور ٹیسٹ کرکٹر شاہد محمود بھی 81 سال کی عمر میں نیو جرسی میں 13 دسمبر کو انتقال کر گئے۔

اور آخر میں بات پاکستان کی جانب سے ہاکی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے رشید جونئیر کی۔ 5 نومبر کو انتقال کرنے والے ہاکی ٹیم کے سابق  کپتان نہ صرف 1984 میں اولپک میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کے قائد تھے بلکہ 1968 اور 1972 کے اولمپک گیمز میں بھی ٹاپ اسکورر رہے۔ انٹرنیشنل مقابلوں میں ان کے 96 گول ایک وقت میں پاکستان کا قومی ریکارڈ بھی تھا۔

متعلقہ تحاریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے