اور پورے پاکستان کی بجلی گُل ہوگئی
اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔

گزشتہ شب پاکستان بھر میں بجلی کا سب سے بڑا بریک ڈاؤن ہوا جس کے نتیجے میں چاروں صوبے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔ روشنیوں کا شہر ‘کراچی’ تاریکی میں ڈوب گیا اور شہر کے 70 فیصد علاقوں میں اندھیرا چھا گیا۔ نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، ناظم آباد،کورنگی اور لانڈھی میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ جبکہ ملیر، بفرزون، سائٹ ایریا، میٹرو ول، گلشن معمار میں بھی بجلی غائب ہوگئی۔
اس کے علاوہ کراچی کے علاقوں صدر، شاہراہ فیصل، کلفٹن، گلشن اقبال سمیت کئی دیگر علاقے بھی اندھیرے میں ڈوب گئے۔
ادھر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بجلی غائب ہونے سے بیشتر علاقوں میں اندھیرا چھا گیا۔ جبکہ جہلم، فیصل آباد اور ملتان میں بھی بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہوگئی۔
دوسری جانب پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے 3 اضلاع کے علاوہ پورے صوبے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کیسکو کے ترجمان کے مطابق بجلی کی فراہمی میں معطلی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے ہورہی ہے۔
جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت مردان اور ہنگو میں بھی اچانک بجلی غائب ہونے سے اندھیرا چھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مہنگا بجلی پیٹرول حکومت مخالف تحریک سے زیادہ تقصان دہ؟
ادھر آزاد کشمیر کے علاقے میر پور شہر اور مضافاتی علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی مطل ہوگئی ہے۔
گزشتہ شب بریک ڈاؤن ہونے کے بعد اب اتوار کی صبح بجلی کی بحالی کے لیے جاری کوششیں کامیاب ہونے لگیں ہیں۔ منگلا، تربیلا، وارسک اور کیپکو پاور اسٹیشنز فعال ہوگئے ہیں جس کے بعد مختلف شہروں میں بجلی ہونا شروع ہوگئی ہے۔ اسلام آباد، ملتان، گوجرخان اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔
کراچی میں بجلی جزوی طور پر بحالی ہوئی ہے تاہم مکمل بحالی کے لیے کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب بجلی کی بحالی کے لیے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر میں جاری کوششوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50سے 0 پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے
فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی رہی ہے
اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا
عوام سے تحمل کی اپیل ہے
— Omar Ayub Khan (@OmarAyubKhan) January 9, 2021
جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن پر عوام پریشان نہ ہوں اور کسی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں۔ فنی خرابی جلد دور کرلی جائے گی۔
ادھر پاکستان بھر میں بجلی کے سب سے بڑے بریک ڈاؤن نے حزبِ اختلاف کی جماعتوں کو حکومت پر ایک بار پھر تنقید کا موقع دے دیا ہے۔
پاکستان اندھیرے میں ڈوبا ہے اور کسی کو معلوم نہیں کہ ایسا کیوں ہوا ہے؟ نااہل، نالائق حکومت کو کچھ علم نہیں، وزراء اور ترجمانوں کی فوج عملی اور علامتی دونوں طور پر اندھیرے میں ہے
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) January 9, 2021
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں مسلم لیگ (ن) کی ترجما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اندھیرے میں ڈوبا ہے اور کسی کو معلوم نہیں کہ ایسا کیوں ہوا ہے۔
نااہلی کی ایک قیمت اور سزا ہے جسے آج ہم پوری قوم ادا کر رہے ہیں .افسوس، پاکستان عملی اور علامتی دونوں طور پر آج اندھیرے میں ڈوب چکا ہے
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) January 9, 2021
انہوں نے کہا کہ نااہل اور نالائق حکومت کو کچھ علم نہیں۔ افسوس ہے کہ پاکستان عملی اور علامتی دونوں طور پر آج اندھیرے میں ڈوب چکا ہے۔ نااہلی کی قیمت آج پوری قوم ادا کر رہی ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں بھی ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا لیکن اس وقت بجلی جلد بحال کردی گئی تھی۔