عمر کوٹ ضمنی انتخاب پی ڈی ایم کا پہلا امتحان

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔

پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کی تشکیل کے بعد صوبہ سندھ کی اسمبلی کے حلقے پی ایس 52 عمرکوٹ میں آج پہلی بار ضمنی انتخاب ہورہا ہے۔ صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔ نیوز 360 کے نمائندے عبدالقادر منگریو وہیں موجود ہیں اور تازہ صورتحال سے مسلسل آگاہ کر رہے ہیں۔

حلقے پی ایس 52 میں کُل 12 امیدوار میدان میں اترے ہیں تاہم پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوارامیرعلی شاہ اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ارباب غلام رحیم کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

ارباب غلام رحیم کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور (متحد قومی موومنٹ) ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت بھی حاصل ہے۔

پیپلزپارٹی کے امیدوار علی شاہ کے چیف پولنگ ایجنٹ کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال قائم ہے اور کہیں بھی کسی قسم کی بدنظمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔

ہمارے نمائندہ کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ چھور میں پولنگ کا عمل شروع ہونے میں تاخیر کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ سخت سردی ہے اور پولنگ کا عملہ چائے وغیرہ پیتا ہے تو تھوڑی بہت تاخیر ہوجاتی ہے۔ یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے کہ ہم اسے مدعا بنا کر بیٹھ جائیں۔

الیکشن کمیشن نے انتخاب کی تیاریاں پہلے ہی مکمل کرلی تھیں اوررات گئے تمام پولنگ اسٹیشنزپرسامان پہنچا دیا تھا۔ حلقے میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی ہدایت پر 4 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو انتخابی عمل کی نگرانی کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ضمنی انتخابات، زرداری نے پی ڈی ایم کو قائل کر لیا

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کے لیے حلقے میں 128 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

حلقے پی ایس 52 کی کُل آبادی 3 لاکھ 49 ہزار 773 ہے جبکہ ووٹرز کی کُل تعداد 1 لاکھ 54 ہزار 174 ہے۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 52 عمر کوٹ کی نشست صوبائی وزیرعلی مردان شاہ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی اور امیرعلی شاہ اُن کے صاحبزادے ہیں۔

متعلقہ تحاریر