کراچی میں آرٹ گیلری کا قیام اور عکس سندھ نمائش

نمائش میں 40 سے زائد فوٹوگرافرز کی 118 تصاویر آویزاں کی گئیں۔

محکمہ ثقافت نے فوٹوگرافی اور دیگر ویژوئل آرٹ کے فروغ کے لیے کراچی میں آرٹ گیلری قائم کردی ہے۔ عکس سندھ کے نام سے 3 روزہ نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔

سندھ حکومت ویژوئل آرٹ کے فروغ کے لیے سرگرم ہوگئی اور محکمہ ثقافت کی جانب سے کراچی میں آرٹ گیلری قائم کردی گئی ہے۔

محکمہ ثقافت نے لیاقت میموریل لائبریری کے احاطے میں قائم محمد ابراہیم جویو آڈیٹوریم میں ‘عکس سندھ’ کے نام سے فوٹوگرافی کی شاندار نمائش بھی منعقد کی ہے۔ عکس سندھ میں پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 40 سے زائد فوٹوگرافرز نے حصہ لیا۔ نمائش میں فوٹوگرافرز کی لی گئی 118 تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔

محکمے کے ڈائریکٹر جنرل عبدالعلیم لاشاری کا کہنا ہے کہ نمائش میں شریک تمام فوٹوگرافرز کو سرٹیفکیٹس جبکہ 3 خوبصورت فوٹوگرافس پر نقد انعامات دیئے جائیں گے۔ 12 تصاویر کو محکمے کے شائع کردہ کلچرل کیلنڈر میں شامل کیا جائے گا۔

عبدالعلیم لاشاری نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ویژوئل آرٹ کے فروغ کے لیے آرٹ گیلری میں مختلف نمائش کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں ٹریفک کی بہتری کا منصوبہ مسلسل تاخیر کا شکار

نمائش میں شرکت کے لیے انٹری پاس یا کارڈ کی ضرورت نہیں، اسی لیے شہریوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کررہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سندھ کی ثقافت، سیاحت، تاریخ اور آثار قدیمہ کو اجاگر کرتی ہوئی تصاویر دیکھ کر دل خوش ہوجاتا ہے۔

 22 جنوری سے شروع ہونے والی یہ نمائش 3 روز تک جاری رہے گی۔

متعلقہ تحاریر