کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین آج پاکستان پہنچے گی

سائینو فارم چائنہ کی ویکسین آج پی آئی اے کے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد لائی جائے گی۔

کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین سنیچر کو قومی ایئر لائن پی آئی اے کے خصوصی طیارے کے ذریعے چین سے پاکستان لائی جائے گی۔ سائینو فارم نامی چینی ساختہ ویکسین کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچایا جائے گا۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کا آرڈر سب سے پہلے صوبہ سندھ نے دیا تھا اور سب سے پہلے ویکسینیشن سینٹرز بھی سندھ نے ہی قائم کیے ہیں۔ صوبہ سندھ میں 14 مختلف مقامات پر ویکسینیشن سینٹرز قائم کرنے کے لیے جگہوں کا تعین کر لیا ہے جن میں سے 9 کراچی اور باقی دیگر ڈویژنز میں قائم ہوں گے۔ فی الحال پورے ملک میں صرف 2 ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

کراچی کے جناح اسپتال اور خالق دینا ہال میں 2 ویکسینیشن سینٹرز قائم ہو چکے ہیں۔ پہلے مرحلے میں کرونا میں آگے کام کرنے والے طبی عملے  کو ویکسین لگائی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں عمر رسیدہ افراد کو اور تیسرے مرحلے میں نوجوانوں کو لگائی جائے گی۔

ویکسینیشن سینٹر کے اندر پہلے اسکرینگ کی جائے گی جس کے بعد ویکسین لگائی جائے گی۔ ڈی ایچ او افسر ساؤتھ ڈاکٹر راج کمار نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ جناح اسپتال میں قائم سینٹر میں ویکسین لگانے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے لیے نادرا کی مدد لی جائے گی۔ ایک شخص کو 21 دن میں دو مرتبہ لگائی جائے گی جس کے لیےمتعلقہ عملے کو تربیت دی جا چکی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ نے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کا آرڈر پیر کے روز دیا تھا جسے ڈیڑھ ارب سے زیادہ رقم سے خریدا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کرونا کے باوجود پاکستان کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ

متعلقہ تحاریر