پی ٹی آئی اخلاقی طور پر جیت گئی ہے، صداقت علی عباسی

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی کا کہنا ہے کہ اخلاقی طور پر پی ڈی ایم کی شکست اور حکومت کی جیت ہوئی ہے۔

سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخاب کے لیے رائے شماری کے طریقہ کار سے متعلق رائے دے دی ہے کہ یہ آئین کے مطابق یعنی خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہی ہونا چاہیے۔ لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اُس کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی کا موقف رہا ہے کہ سینیٹ انتخاب شو آف ہینڈز کے ذریعے کرائے جائیں۔

فیصلہ آنے سے قبل نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہا کہ ‘پاکستان میں ہر انتخاب کی گہما گہمی ہوتی ہے اور ہونی بھی چاہیے۔ ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ ووٹوں کی خرید و فروخت نہیں ہو۔ سینیٹ انتخاب شو آف ہینڈز کے ذریعے ہونا چاہیے تاکہ حقدار کو اس کا حق ملے۔

صداقت علی عباسی نے کہا کہ ‘اخلاقی طور پر پی ڈی ایم کی شکست اور حکومت کی جیت ہوئی ہے۔ حزبِ اختلاف کی جماعتیں ووٹ فروخت کرنے اور خریدنے کی منڈی لگانا چاہتی ہے جبکہ ہم یہ منڈیاں تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ کون کرپشن کرنا چاہتا ہے اور کون اس کے خلاف ہے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘پی ڈی ایم کا لانگ مارچ نہیں ہوگا۔ پی ڈی ایم نے آج تک اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ یہ کہتے تھے دسمبر میں آر یا پار کردیں گے اور اسمبلیوں سے استعفے دے دیں گے مگر ایسا نہیں کرسکے۔ پی ڈی ایم صرف میڈیا پر آنے کے لیے دھمکیاں دیتی ہے، ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔’

یہ بھی پڑھیے

سینیٹ کا انتخاب اوپن بیلیٹ سے نہیں کروایا جا سکتا، سپریم کورٹ

تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے کہا کہ ‘حزبِ اختلاف نے دھمکی دی تھی کہ 2019 کا بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے لیکن منظور ہوا۔ انہوں نے کہا تھا کہ فیٹف کا بل پاس نہیں کروانے دیں گے لیکن وہ بھی ہوگیا اور 2020 کا بجٹ پاس کرنے میں بھی رکاوٹیں حائل کی تھیں مگر وہ بھی ہوا۔ ہم حکومت ہیں اور حکومت کے پاس مقابلہ کرنے کی بہت طاقت ہوتی ہے۔’

نیوز 360 سے گفتگو کے دوران صداقت علی عباسی نے کہا تھا کہ ‘عمران خان کا کرپشن کو روکنے کا موقف واضح ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کرپشن کرتے رہے اور آج کرپٹ نطام کا دفاع بھی کر رہے ہیں۔ حزبِ اختلاف کا سورج غروب اور حکومت کا طلوع ہورہا ہے۔’

متعلقہ تحاریر