تنہا لڑکی کو ہراساں کرنے پر ایف آئی اے کا سب انسپکٹر معطل
ایف آئی اے کے سب انسپکٹر نے لڑکی سے نمبر مانگا اور لڑکی کے انکار پر اس کا پیچھا کرنا شروع کردیا۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سب انسپکٹر نے اکیلے سفر کرنے والی 15 سالہ لڑکی کو تنہا دیکھ کر ہراساں کیا تھا تاہم لڑکی کے اہل خانہ کی شکایت پر افسر کو معطل کردیا گیا ہے۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کے افسر نے 15 سالہ لڑکی کو ہراساں کیا تھا۔ ایف آئی اے امیگریشن ارائیول پر تعینات سنجے نامی سب انسپکٹر نے بحرین سے آنے والی لڑکی سے اس کا موبائل نمبر مانگا۔ لڑکی کے انکار کرنے پر سب انسپکٹر نے اس کا تعاقب کیا اور ایئرپورٹ سے باہر تک آگیا۔
سنجے نامی ایف آئی اے کے سب انسپکٹر نے لڑکی کو تنہا سمجھتے ہوئے اس کا پیچھا کیا لیکن ایئرپورٹ سے باہر لڑکی کے اہل خانہ تمام منظر دیکھ رہے تھے۔ لڑکی کے اہل خانہ نے دیکھا کہ ایف آئی اے کا افسر لڑکی کو تنگ کر رہا ہے جس پر دونوں جانب سے تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ اسی دوران لڑکی کے اہل خانہ نے سب انسپکٹر کی ویڈیو بھی ریکارڈ کرلی۔
#karachi
جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر 15 سالہ بچی سے موبائل نمبر مانگنے والا FIA افسر معطل کردیا گیا#FIA
#JinnahInternationalAirport pic.twitter.com/rBJFoWBAFS— سلطان علی قریشی (@vrstyls) March 23, 2021
ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ افسر نے لڑکی سے نمبر کے علاوہ مٹھائی بھی مانگی تھی۔
لڑکی کے اہل خانہ نے ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام سے سب انسپکٹر کی شکایت کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا اور بحرین قونصلیٹ میں تحریری شکایت درج کرانے کا بھی فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ پولیس کی خواتین اہلکار ہراسگی کا شکار
ادھر ایف آئی اے سندھ کے ڈائریکٹر عامر فاروقی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سنجے نامی سب انسپکٹر کو معطل کر کے محکمانہ کارروائی شروع کردی ہے۔