تائیکوانڈو کے ذہنی معذور کھلاڑی اغواء کے بعد قتل

جاں بحق ہونے والے عبیداللہ 4 مارچ کو گھر سے نکلے تھے جنہیں نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا تھا۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تائیکوانڈو کے ذہنی معذور کھلاڑی کو مبینہ طور پر اغواء کے بعد قتل کردیا گیا ہے۔ عبیداللہ شدید زخمی حالت میں پولیس کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے ملے تھے۔

کراچی کے جناح اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہونے والے عبیداللہ 4 مارچ کو گھر سے نکلے تھے جنہیں نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا تھا۔ عبید اللہ ذہنی طور پر معذور اور کراٹے کے کھلاڑی تھے۔ عبید اللہ کے بھائی نے 5 مارچ کو تھانہ مومن آباد میں اطلاع گمشدگی کی ابتدائی رپورٹ درج کروائی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

جج آفتاب آفریدی کے مقدمہ قتل میں صدر سپریم کورٹ بار نامزد

تائیکوانڈو کھلاڑی قتل

مقتول عبیداللہ کے والد کا کہنا ہے کہ عبیداللہ کو گذشتہ ماہ 4 مارچ کو مومن آباد سے اغواء کیا گیا تھا۔ چار روز بعد عبیداللہ گلستان جوہر سے پولیس کو شدید زخمی حالت میں ملے تھے۔ ظالموں نے میرے بیٹے کو شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے سر پر کئی وار کیے تھے جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔

مقتول کے والد نے انتہائی دل سوز گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عبیداللہ گذشتہ ایک ماہ سے جناح اسپتال میں زیرعلاج تھے جو پیر کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

تائیکوانڈو کھلاڑی قتل

کراچی میں تائیکوانڈو کے خصوصی کھلاڑی عبیداللہ کے قتل پر معروف صحافی شعیب جٹ نے ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے قتل کو افسوسناک اور شرمناک قرار دیا ہے۔

کراچی میں تائیکوانڈو کے ذہنی معذور کھلاڑی کے اغواء کے بعد پراسرار طور پر قتل نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کیا اقدامات کرتی ہے؟ زمینی حقائق جاننے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا ڈیٹا حاصل کیا جاتا ہے یا روایتی انداز کی تفتیش کے بعد کیس داخلہ دفتر کردیا جاتا ہے؟

متعلقہ تحاریر