این سی او سی کی کرونا کے اعدادوشمار میں ردوبدل کی کوشش؟

کرونا سے متعلق اعدادوشمار جاری کر کے کچھ دیر بعد ہی اس میں ردوبدل کردی گئی۔

پاکستان میں کرونا کی وباء سے متعلق اعدادوشمار جاری کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اعدادوشمار میں ردوبدل کر کے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ وباء سے متعلق اموات اور کووڈ 19 کے مثبت کیسز کی شرح کی تفصیلات دے کر اسے بعد میں کم ظاہر کیا گیا ہے۔

پاکستان میں کرونا کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اور آئے روز کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس وبائی صورتحال میں کرونا کے اعدادوشمار بتانے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ این سی او سی نے سنیچر کی صبح 4 بج کر 37 منٹ پر گذشتہ 24 گھنٹوں کے اعدادوشمار جاری کیے جن کے مطابق ملک بھر میں اموات کی تعداد 173 اور مثبت کیسز کی تعداد 7 ہزار 152 تھی۔ جبکہ مثبت کیسز کی شرح 13.80 فیصد تھی۔

تاہم کچھ دیر بعد ہی این سی او سی نے اس ٹوئٹ کو حذف کر دیا اور صبح 6 بج کر 32 منٹ پر نئے اعدادوشمار جاری کیے۔ ان نئے اعدادوشمار میں اموات، مثبت کیسز کی تعداد اور شرح کو کم ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ایس او پیز پر عمل نا کیا تو حالات انڈیا جیسے ہوجائیں گے، وزیر اعظم

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے 24 اپریل کو جاری ہونے والے نئے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کی وجہ سے 157 اموات اور 5 ہزار 908 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح مثبت کیسز کی شرح بھی کم کر کے 11.27 فیصد ظاہر کی گئی ہے جو پہلے 13.80 فیصد تھی۔

سوشل میڈیا صارفین اس بات پر سوال کر رہے ہیں کہ وبائی صورتحال نے نظام زندگی درہم برہم کر رکھا ہے لیکن این سی او سی اس معاملے پر غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیسے کر سکتا ہے؟

متعلقہ تحاریر