لاک ڈاؤن بھی سیاحوں کو مری آنے سے نہ روک سکا

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کے مطابق لاک ڈاؤن کے سبب صرف مری کے رہائشیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت تھی۔

پاکستان بھر میں کرونا کی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 8 سے 16 مئی تک لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باوجود سیاحوں کی کثیر تعداد مری پہنچ گئی تھی۔ پولیس نے مری میں داخل ہونے والے سیاحوں کو روک دیا تھا جس کے سبب ایکسپریس وے پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی تھیں۔

ملک میں کرونا کی وباء کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن اور تفریحی مقامات کی بندش کے سبب ملکہ کوہسار مری میں بھی سیاحوں کے داخلے پر پابندی رہی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی خرم سہیل لغاری اور ٹریفک پولیس اہلکار کے درمیان تکرار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں سہیل لغاری کو مری میں داخلے سے روکا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

تعلیمی اداروں کی فیس میں 20 فیصد کمی کے مثبت اور منفی پہلو

Xinhua

نیوز 360 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال نے بتایا کہ رکن پنجاب اسمبلی خرم سہیل لغاری کو رہائش کا ثبوت فراہم کرنے پر مری میں داخلے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات پر پابندی کے باعث مری کے داخلی، خارجی اور اندرونی راستوں پر خصوصی دائرے قائم کیے گئے ہیں اور صرف مری کے شناختی کارڈ کے حامل افراد کو ہی یہاں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔ 8 مئی تا 16مئی لاک ڈاون کے دوران ٹریفک پولیس کی طرف سے خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے تھے۔

Xinhua

رائے مظہر اقبال نے کہا کہ حکومتی احکامات کا نفاذ ہر ایک کے لیے یکساں ہے جس پر ہر صورت عملدر آمد کروایا گیا ہے۔ شاہراہوں پر کھڑے ٹریفک وارڈنز عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

مری اور گردونواح کے تفریحی مقامات میں داخلے پر پابندی کے دوران مال روڈ سمیت مری شہر اور گردونواح کی تمام اہم شاہراہیں ویران رہیں۔ مری انتظامیہ، پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس نے شہر میں داخل ہونے والے سیاحوں کو روک دیا اور صرف مری کا شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کو ہی داخلے کی اجازت تھی۔

لاک ڈاؤن مری

جی پی او چوک اور مال روڈ مری سمیت تمام چوکوں اور شاہراہوں پر پولیس کے دستے تعینات کیے گئے تھے۔ ماسک نہ پہننے والے کئی افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ مکمل لاک ڈاؤن کے باعث تمام شاپنگ سینٹرز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کاروباری مراکز بند رہے۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے تفریحی مقام نتھیا گلی کو بھی کرونا ایس او پیز کے تحت سیاحوں کے لیے بند رکھا گیا تاہم روزنامہ جنگ کے مطابق پابندیوں کے نفاذ کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے عید اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نتھیا گلی میں منائی اور وہیں پر نماز عید الفطر ادا کی تھی۔

متعلقہ تحاریر