کریم ایپ عید پر ہی کیوں خراب ہوجاتی ہے؟

معروف صحافی ایپ کی جانب سے تقریباً ایک لاکھ روپے وصول کرنے پر آگ بگولہ ہوگئے۔

بذریعہ ایپ منگائی جانے والی مشہور ٹیکسی سروس کریم نے عید پر شہریوں سے بے تحاشہ کرایہ وصول کرلیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معروف صحافی فصیح منگی نے کریم ایپ کے خلاف آواز اٹھائی تو دیگر صارفین بھی اپنی کہانی لے کر سامنے آگئے۔

کریم ایپ کے صارفین ٹیکسی سروس کے حد سے زیادہ کرایہ وصول کرنے پر پریشان ہونے لگے ہیں۔ خاص طور پر عید کے موقعے پر ایپ اکثر ہی خراب ہوجاتی ہے اور صارفین سے حد سے زیادہ کرایہ وصول کرلیا جاتا ہے۔

فصیح منگی نے اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں بتایا کہ ان کے کارڈ سے متعدد مرتبہ غلط کرایہ وصول کیا گیا۔ ایک مرتبہ تو 2 مقامات پر جانے کا کرایہ تقریباً ایک لاکھ روپے لے لیا گیا۔ رقم نکالنے کا پیغام بھی کریم سے نہیں بلکہ ان کے بینک کی طرف سے موصول ہوا۔ کرائے کی رقم روپے کے بجائے ڈالر، درہم اور کویتی دینار کے حساب سے نکالی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

نئے کرنسی نوٹوں کی بلیک میں فروخت

معروف صحافی نے دیگر صارفین سے پوچھا کہ کیا ان کے ساتھ بھی ایسا کبھی ہوا ہے تو متعدد افراد اپنی کہانی سنانا شروع ہوگئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ کرائے کے 154 روپے کے بجائے ان کے ڈیبٹ کارڈ سے 17 ہزار سے زیادہ رقم نکال لی گئی۔ ایک اور صارف کے کارڈ سے بھی 14 ہزار سے زیادہ کا کرایہ وصول کیا گیا۔

معاملہ سوشل میڈیا پر گرم ہوا تو کریم ایپ انتظامیہ نے فصیح منگی سے معافی مانگ لی اور بتایا کہ سسٹم کی خرابی کے باعث ایسا واقعہ پیش آیا۔ ایپ کی جانب سے انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ طریقہ کار کے مطابق ان کی رقم جلد انہیں واپس کردی جائے گی۔

فصیح منگی ایک معروف صحافی ہیں ان کی سوشل میڈیا پوسٹ اہمیت رکھتی ہے اسی لیے انتظامیہ نے انہیں فوری طور پر جواب بھی دیا۔ فصیح منگی کو تو ان کی رقم شاید واپس مل ہی جائے لیکن سوال تو یہ ہے کہ دیگر صارفین جو ایپ کے خراب سسٹم کا نشانہ بنے کیا انہیں بھی رقم اتنی ہی آسانی سے واپس لوٹا دی جائے گی؟  ٍ

عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ایپ کا سسٹم عید یا کسی بڑے موقعے سے قبل اکثر خواب ہوجاتا ہے اور صارفین کے کارڈ سے غلط کرایہ لیا جاتا ہے۔ انتظامیہ نے اس حوالے سے صارفین کو کوئی وضاحت نہیں دی ہے نہ ہی مستقبل میں اس قسم کے واقعات پیش نہ آنے کی یقین دہانی کرائی ہے جوکہ لمحہ فکریہ ہے۔

متعلقہ تحاریر