تاؤتے کی ہلکی لہر نے کراچی کی بہترین عمارتوں کی قلعی کھول دی
شہر قائد میں اچانک آنے والے طوفان اور بارش کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں ایک بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے گزرنے والے سائیکلون تاؤتے کی ہلکی سی لہر نے شہر کی اچھی سے اچھی عمارتوں کی تعمیرات اور انتظامی ڈھانچے کی قلعی کھول دی ہے۔ شہر میں تیز آندھی اور اس کے بعد بارش کے نتیجے میں ہونے والے مختلف حادثات کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
کراچی کے موسم میں اچانک آنے والی موسمیاتی تبدیلی نے شہر میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا دی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کے بعد ٹریفک بھی جام ہوگیا۔ میٹروپول اور ارد گرد کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے علاقے کلفٹن کا اندھا موڑ
کراچی کے علاقے ابراہیم اسماعیل (آئی آئی) چندریگر روڈ پر قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کی عمارت کا کچھ حصہ تیز آندھی اور بارش کا بوجھ برداشت نہ کر پایا اور زمین بوس ہوگیا۔
کراچی کے ضلع کیماڑی، اتحاد ٹاون اور جھولے لعل پمپ کے قریب بارش کے بعد ندی نالے بپھر گئے۔ ایک شہری کی موٹر سائیکل بھی نالے میں بہہ گئی۔
بلدیہ ٹاؤن کی ڈبہ کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے مرد اور خاتون جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔ بلدیہ ٹاون نمبر 12 میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ شیر شاہ محمدی روڈ پر دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔ راشد منہاس روڈ پر بل بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ شہر کے کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ متعدد گھروں کی چھتیں اڑ گئیں ہیں۔
بارش کے بعد شہر کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا اور کراچی (کے) الیکٹرک کے 925 سے زیادہ فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ فیڈرز ٹرپ ہونے سے نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، نیو کراچی، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل، ایئرپورٹ، گڈاپ، اولڈ سٹی ایریا اور سائٹ ایریا میں بجلی کی فراہمی گھنٹوں تک معطل رہی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے کہا کہ’شہر کا درجہ حرارت طوفان کے فوری بعد 7 سے 8 ڈگری گر گیا اور اس کی توقع بھی تھی، کراچی سمیت سندھ کے مخلتف اضلاع بھارت میں ٹکرانے والے طوفان تاؤتے کے زیر اثر ہیں اور کراچی میں گرمی شدت 43.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔‘
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ’کراچی، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، بدین، میر پور خاص، ٹنڈو الہیار اور ٹھٹہ کے اضلاع میں تیزہوائیں چلیں گی، جبکہ زیریں سندھ میں بھی موسم اسی طرح رہنے کا امکان ہے اور آندھی شمال کی جانب بڑھے گی۔‘
پاکستانی فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے سائیکلون تاؤتے سے نمٹنے کے لیے کلفنٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے انتظامات کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے۔
Nothing is more hilarious then this cyclone Managment by clifton cantonment pic.twitter.com/CswD2DCpxh
— Deepak perwani (@DPerwani) May 18, 2021
انڈیا کی ریاست گجرات میں سمندری طوفون تاؤتے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زیادہ لاپتہ ہیں۔

انڈین میڈیا کے مطابق 185 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والا طاقتور طوفان تاؤتے گجرات سے ٹکرایا تو سمندر میں 10 فٹ اونچی لہریں پیدا ہوئیں اور بارشوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔
سمندری طوفان تاؤتے کی وجہ سے ریاست کا بجلی کا نظام بالکل بیٹھ کیا گیا تاہم وزیراعلیٰ گجرات ادھو ٹھاکرے نے اسپتالوں میں بجلی کی فراہم کےلیے موبائل جنریٹرز فراہم کردیے ہیں۔









