فردوس عاشق اعوان خواتین کے لیے باعث شرم

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹاک شو کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل کو تھپڑ مار دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹاک شو کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل کو تھپڑ مار دیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو کو کافی شیئر کیا جارہا ہے جہاں لوگ فردوس عاشق اعوان کو خواتین کے لیے باعث شرم قرار دے رہے ہیں۔

پاکستان کے نجی چینل ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن جاوید چوہدری کے ٹاک شو کل تک میں فردوس عاشق اعوان اور قادر خان مندوخیل کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ فردوس عاشق اعوان نے قادر خان مندوخیل کو گالیاں دیں اور ان کا گریبان پکڑ کر تھپڑ رسید کردیا۔

اس موقع پر ٹاک شو کا عملہ دونوں رہنماؤں کو روکنے کی کوشش کرتا رہا۔

یہ بھی پڑھیے

فردوس عاشق اعوان کی چوکوں اور چھکوں کے بعد فٹبال کِکس

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور صارفین فردوس عاشق اعوان کو باعث شرم قرار دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ فردوس عاشق اعوان اپنے قول و فعل سے خواتین کی درست نمائندگی نہیں کر رہی ہیں۔

ملک ہاشم اعوان نامی ٹوئٹر صارف نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فردوس عاشق اعوان اپنی تربیت دکھاتے ہوئے۔

ایک صارف نے کہا کہ اس واقعے میں جاوید چوہدری بھی برابر کے ذمہ دار ہیں۔

ایک صارف نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کا اصل چہرہ ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ خواتین کو فردوس عاشق اعوان کی طرح مضبوط ہونا چاہیے جو اپنے خلاف کوئی لفظ برداشت نہیں کرتیں۔

ادھر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ قادر خان مندوخیل نے ٹاک شو کے دوران میرے مرحوم والد اور مجھے گالیاں دیں۔ مجھے اپنے دفاع میں انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔ قادر خان مندوخیل کے خلاف مشاورت کے بعد قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان کی جانب سے نامناسب رویہ پہلی مرتبہ اختیار نہیں کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے ایک ٹاک شو کے دوران کشمالہ طارق پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے بستر گرم کر کے وزارت حاصل کی ہے۔

گزشتہ ماہ فردوس عاشق اعوان رمضان بازار کے دورے پر گئی تھیں جہاں وہ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیہ صدف پر شدید برہم ہوگئی تھیں۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا جس میں صارفین کی بڑی تعداد اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کے حق میں اور فردوس عاشق اعوان کی مخالف تھی۔

گزشتہ برس سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان کو ایک خاتون نے بتایا کہ ان کے 8 بچے ہیں۔ جس پر فردوس عاشق اعوان نے مزاحیہ انداز میں پوچھا کہ آپ کے شوہر اس کے علاوہ کیا کرتے ہیں؟

متعلقہ تحاریر