بجلی ہونا یا نہ ہونا دونوں ہی دردسر

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے واضح کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی کی پیداوار میں کمی نہیں ہے۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے واضح کیا ہے کہ ملک میں بجلی موجود ہے اور لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی کی کمی نہیں ہے۔ جس کے بعد عوام نے ملک میں بجلی ہونے یا نہ ہونے دونوں کو ہی دردسر قرار دیا ہے۔

منگل کے روز سے پاکستان کے مختلف شہروں میں 6 سے 12 گھنٹوں تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی تھی جس کی وجہ بجلی کی طلب اور پیداوار کا فرق بتایا جارہا تھا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کی اضافی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے جمعے کو جواب طلب کرلیا ہے۔

بدھ کے روز وزارت توانائی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کے اخراج میں کمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں 3 ہزار میگاواٹ کی کمی واقع ہوئی لیکن آنے والے دنوں میں اس کمی کو پورا کرلیا جائے گا۔

وزارت توانائی نے ملک میں سسٹم کی حفاظت کے لیے کی جانے والی لوڈ مینجمنٹ کی وجہ سے صارفین سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر معذرت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیے

آئی پی پیز کو 89 ارب 20 کروڑ روپے کی پہلی قسط ادا

جس کے بعد بدھ کے روز ہی وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر وضاحت کی۔ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں حماد اظہر نے لکھا کہ چند پلانٹس کی تکنیکی بندش کی وجہ سے ملک میں ایک ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال پیدا ہوا جس کے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی۔

انہوں نے لکھا کہ متبادل ذرائع سے سسٹم میں 1100 میگاواٹ بجلی مہیا کرنے کی کوششیں کی گئیں ہیں تاہم آج اس لوڈشیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا۔ تربیلا پاور پلانٹ سے اگلے 4 سے 6 روز میں 3 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں دوبارہ شامل ہوجائے گی۔

جس کے بعد حماد اظہر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں واضح کیا کہ اس لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی کی پیداوار میں کمی قطعی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں میگاواٹ بجلی پورے سال ہمارے استعمال میں بھی نہیں آتی۔ ماضی میں کیے گئے معاہدوں کے باعث ان غیراستعمال شدہ میگاواٹ بجلی کی مد میں مکمل رقم کرایہ کی طور پر ادا کرنی ہوتی ہے۔

حماد اظہر کے اس بیان کے بعد عوام نے بجلی ہونے یا نہ ہونے دونوں کو ہی دردسر قرار دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ تواتر سے ہوتی رہے تو ایسی بجلی موجود ہونے کا کیا فائدہ؟

متعلقہ تحاریر