انصاف مانگنے والے باپ سے فرش دھلوایا گیا

بیٹی سے زیادتی کی رپورٹ درج کروانے کے لیے تھانے آنے والے باپ کو پولیس افسر نے صفائی پر لگا دیا۔

قصور تھانے میں بیٹی سے زیادتی کی رپورٹ درج کروانے کے لیے آنے والے باپ کو اے ایس آئی نے صفائی پر لگا دیا۔ ویڈیو میں حقیقت کھل کر سامنے آگئی۔

بیٹی کے ساتھ زیادتی کا غم مجبور باپ سے کیا کچھ نہیں کروالیتا۔ تھانہ منڈی عثمان والا میں پولیس افسر نے سائل کے ساتھ انتہائی شرمناک اور انسانیت سوز رویہ اپنایا۔

چند روز قبل قصور کی رہائشی 16 سالہ لڑکی کو اغواء کر کے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ لڑکی کے مطابق بدفعلی اس کے کزن نے کی تھی۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ منڈی عثمان والا میں درج کرلیا گیا۔ پولیس زیادتی کے الزام میں نامزد ملزمان کو گرفتار تو نہ کرسکی البتہ انصاف کے حصول کے لیے آنے والے باپ کو ملازم بنادیا۔

یہ بھی پڑھیے

روحانی باپ کی ہوس پرستی

رپورٹ درج کروانے کے لیے باپ نے جب تھانے کا رخ کیا تو وہاں تعینات اسسٹنٹ سب انسپیکٹر (اے ایس آئی) نے اسے فرش دھونے کا حکم دیا۔ مجبور باپ پولیس افسر کو خوش کرنے کے لیے یہ بھی کر گزرا۔

تھانے میں موجود شخص نے فرش دھونے کی ویڈیو بنالی جس سے اے ایس آئی عرفان کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی۔ ترجمان پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔

ملک میں جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات معاشرے کی پستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ افسوس کہ اس حوالے سے عوام کی خدمت پر مامور بعض پولیس افسران ملزمان کا ساتھ دیتے ہوئے سائلین کے ساتھ ہی تضحیک آمیز رویہ اختیار کرتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر