سکھر کا اسپورٹس گراؤنڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا
ڈگری کالج کے گراؤنڈ کی ابتر حالت کے باعث کھلاڑیوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
سکھر ڈگری کالج کا اسپورٹس گراؤنڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ گراؤنڈ کے اطراف گندگی کے ڈھیر اور گٹر کا پانی جمع ہوگیا ہے۔
حکومتی فنڈز کی مدد سے کچھ عرصہ قبل سکھر کے ڈگری کالج کا اسپورٹس گراؤنڈ بنایا گیا تھا۔ گراؤنڈ کی تعمیرات اور کھلاڑیوں کو کھیل کی سہولیات کی فراہمی کے لیے خطیر رقم خرچ کی گئی تھی۔ افسوس کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے اسپورٹس گراؤنڈ کی مناسب دیکھ بھال نہ کی گئی۔ گراؤنڈ کے اطراف نالیوں اور گٹر کا پانی جمع ہونا شروع ہوگیا ہے جس سے یہ جگہ تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ کے چاروں اطراف گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جو کہ انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
سکھر پولیس ٹریننگ سینٹر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں
ڈگری کالج کے گراؤنڈ کی ابتر حالت کے باعث کھلاڑیوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کھیلوں کی سرگرمیاں ماند پڑچکی ہیں۔ کھلاڑیوں کی شکایات کے باوجود گراؤنڈ کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے۔
کھیلوں سے وابستہ تنظیموں اور متعدد کھلاڑیوں نے صوبائی وزیر کھیل اور محکمہ تعلیم سندھ سمیت دیگر حکام سے گراؤنڈ کی حالت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔