مولانا پی ٹی ایم کے خلاف وزیرستان کے میدان میں
مولانا فضل الرحمان نے پشتوں علاقوں میں اپنے حریفوں پر لفظی تیر برسائے۔
جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراھ مولانا فضل الرحمان نے جنوبی وزیرستان میں جلسے سے خطاب کے دوران پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) اور عوامی نیشنل پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں کچھ قوم پرست جماعتیں نوجوانوں کو اسلام سے دور کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن وہ ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔
اتوار کے روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے جنوبی وزیرستان میں پیغام امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے پشتوں علاقوں میں اپنے حریف پی ٹی ایم اور اے این پی کے رہنماؤں پر لفظوں کے تیر برسائے۔ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں کچھ قوم پرست جماعتیں نوجوانوں کو اسلام سے دور کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن وہ ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔
تم کل بھی کشمیر کے غدار تھے تم آج بھی کشمیر کے غدار ہو ۔ مولانا فضل الرحمٰن ، جنوبی وزیرستان میں جلسہ عام سے خطاب pic.twitter.com/XtTfYmn8Gc
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) July 25, 2021
یہ بھی پڑھیے
پیپلزپارٹی پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد نیا اتحاد بنائے گی؟
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے علاقوں میں بائیں بازو کی قوم پرست جماعت پی ٹی ایم کا اثر ورسوخ سب سے زیادہ ہے۔ پشتونوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے منظور پشتین، علی وزیر اور محسن داوڑ اس جماعت کے اہم رکن ہیں جو ہر محاذ پر پشتونوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا اسلام کانفرنس میں اس طرح کا بیان پی ٹی ایم کا ان علاقوں سے اثر ورسوخ ختم کرنے کی ایک کوشش ہوسکتی ہے لیکن لوگوں کا قوم پرست رہنماؤں کی طرف جھکاؤ دیکھا جائے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مولانا صاحب کی کوششیں شاید انہیں کچھ زیادہ فائدہ نہ پہنچا سکیں گی۔









