کے الیکٹرک کو کراچی والوں کا خیال آگیا
کے الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں 10 ہزار نئے کھمبوں کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا۔
کے الیکٹرک کو آخرکار کراچی کے شہریوں کا خیال آگیا۔ بجلی ترسیل کرنے والی کمپنی نے شہر کے مختلف علاقوں میں پرانے کھمبوں کو ہٹا کر 10 ہزار نئے کھمبوں کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا ہے۔
کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے اور بارشوں کے دوران اکثر علاقوں کی بجلی غائب ہوجاتی ہے۔ مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث معمولات زندگی متاثر ہونے کے ساتھ تاجروں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ کے الیکٹرک انتظامیہ نے شہریوں کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف علاقوں سے پرانے کھمبوں کو ہٹاکر 10 ہزار نئے کھمبوں کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی جاری، صنعتکار پریشان
کمپنی کا کہنا ہے کہ پرانے کھمبے بارشوں کے دوران حادثات کا سبب بن رہے تھے اور بجلی کی فراہمی میں بھی مشکلات پیش آرہی تھیں۔ بوسیدہ کھمبوں کی جگہ نئے کھمبے لگنے سے اب بجلی فراہمی کا نظام زیادہ موثر ہوگیا ہے۔
کے الیکٹرک کے حالیہ اقدامات پر شہریوں نے ادارے کی کاوش کو سراہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو بارشوں کو دوران شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔