عمرکوٹ کے شاہ جہاں نے تاج محل بنادیا
چھوٹے تاج محل کو دیکھنے کے لیے دور دراز سے لوگ ڈھورو نارو کا رخ کرتے ہیں۔
سندھ کے ضلع عمرکوٹ کے علاقے ڈھورونارو کے رہائشی عبدالرسول نے اپنی مرحومہ بیوی کی یاد میں تاج محل تعمیر کرادیا۔
محبت سے جڑی مختلف کہانیاں اور ان کی یاد میں تعمیر محلات کی باتیں تو آپ نے سنی ہی ہوں گی۔ ایسا ہی ایک شخص آج کے اس دور میں بھی موجود ہے جس نے شاہ جہاں کی طرح اپنی بیوی سے محبت کی یاد میں تاج محل تعمیر کروا دیا ہے۔
میرپورخاص سے عمرکوٹ کی طرف جاتے ہوئے صوفی فقیر کے قریب ڈھیبو کے نام سے مشہور جگہ پر مقامی شخص عبدالرسول کی اہلیہ مریم 2015 میں انتقال کرگئیں تھیں۔ اپنی بیوی سے محبت کے اظہار کے لیے انہوں نے مقبرا بنانے کے بجائے تاج محل ہی تعمیر کرادیا، جسے دیکھنے کے لیے دور دراز سے لوگ ڈھورو نارو کا رخ کرتے ہیں۔
عبدالرسول کا کہنا ہے کہ مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی بیوی ممتاز کی یاد میں تاج محل بنایا تھا ویسے ہی انہوں نے اپنی بیوی کی محبت میں چھوٹا تاج محل تعمیر کرایا ہے۔ عمرکوٹ کے رہائشی ادیب اور دانشور جلال کوری کا کہنا ہے کہ اس تاج محل کا نقشہ عبدالرسول بھارت جاکر لائے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
سکھر کی تنگ گلیوں میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر
اس حوالے سے ادیب و دانشور ارباب نیک محمد نے کہا کہ یہ تاج محل ایک تاریخی قبرستان میں واقع ہے۔ اس قبرستان میں بڑی بڑی شخصیات دفن ہیں جس کے لیے اس جگہ کی ایک تاریخی حیثیت بھی ہے۔
سینئر صحافی اور کالم نگار سردار بھیو کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں قائم محبت کی نشانی تاج محل ان کے لیے کسی فخر سے کم نہیں۔ انہوں نے حکومت سندھ اور محمکہ ثقافت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس تاج محل کو محفوظ بنا کر اس پر مزید کام کریں تا کہ محبت کی اس نشانی کو دنیا بھر میں پذیرائی مل سکے۔