لاڑکانہ کے خاندان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل

امیر علی منگی کی اہلیہ اور ان کے سات بچوں سمیت خاندان کے تمام 9 افراد کی پیدائش یکم اگست کو ہوئی۔

ایک ہی تاریخ پر پیدا ہونے پر لاڑکانہ کے خاندان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ نماٸندہ نیوز 360 نے منگی خاندان سے خصوصی گفتگو کی۔

خاندان کے ہر فرد کی ایک ہی تاریخ پیدائش ہونا بلاشبہ ایک حیران کن بات ہے۔ لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو کے گاؤں ولی داد گابر میں یکم اگست 1968 کو محمد ابراہیم منگی کے گھر میں پیدا ہونے والے امیر علی منگی کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ ان کے خاندان کے تمام افراد ایک ہی روز پیدا ہوئے۔

امیر علی منگی کی اہلیہ اور ان کے سات بچوں سمیت خاندان کے تمام 9 افراد کی پیدائش یکم اگست کو ہوئی۔ صرف یہی نہیں امیر علی منگی کی شادی بھی ان کے خاندان سے تعلق رکھنے والی خدیجہ منگی سے یکم اگست 1990 میں ہوئی۔ حیرت انگیز طور پر امیر علی منگی کے سات میں سے چار بچے جڑواں پیدا ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

قمبر کے گاؤں گھٹھڑ کی واٹر سپلائی اسکیم 1988 سے التواء کا شکار

پیشے کے لحاظ سے امیر علی منگی ایک سرکاری اسکول میں ٹیچر ہیں۔  ان کی 3 بیٹیاں سندھو، سسی اور سپنا امير بی ايس سی مکمل کرنے کے بعد کالج آف فزیکل ایجوکیشن سکھر سے بیچلرز کررہی ہیں۔ امیر علی منگی کہ صاحبزادے امبر امیر ڈگری کالج لاڑکانہ میں بی ایس سی اور عمار اور احمر ایگریکلچر یونيورسٹی ٹنڈوجام سے بیچلرز آف انجینٸرنگ کر رہے ہیں۔

لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے امیر علی منگی نے نیوز 360 کو بتایا کہ برطانیہ میں مقیم دوست کے مشورے پر انہوں نے 2018 میں اپنے خاندان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں کلیم کیا تھا جسے انتظامیہ نے اگلے سال تسلیم کرلیا۔ رواں برس مارچ میں ان کی فیملی کو اعزاز سے نوازا گیا۔ امیر علی منگی کی خواہش ہے کہ ان کے بچے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرکے ملک کے لیے خدمات انجام دیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے ایک ہی تاریخ  میں 5 افراد کی پیدائش کا ریکارڈ امریکا میں مقیم کینین فیملی کے پاس تھا۔

متعلقہ تحاریر