سردار عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو صدر کے عہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔

سردار عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سلطان محمود کو صدر آزاد کشمیر بنانے کی پیشکش کردی ہے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد سردار عبدالقیوم نیازی، سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سردار اظہر صادق وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار تھے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد سردار عبدالقیوم نیازی کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم نامزد کیا تھا جس کا وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے باضابطہ طور پراعلان کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے طویل مشاورت اور تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد نومنتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا۔

یہ بھی پڑھیے

آزاد کشمیر انتخابات، پی ٹی آئی نے 25 جولائی 2018 کی تاریخ دہرا دی

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کی تقرری کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں سردار عبدالقیوم نے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کو 15 کے مقابلے میں 33 ووٹوں سے شکست دی۔ سردار عبدالقیم نیازی نے ایل اے 18پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی آزاد کمشیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو صدر کے عہدے کی پیش کش کردی ہے تاحال اس کا باضابطہ فیصلہ نہیں ہو سکا۔ واضح رہے کہ بیرسٹر سلطان محمود پہلے وزیراعظم کے مضبوط امیدار کے طور پر سامنے آئے تھے۔

متعلقہ تحاریر