سانحہ لاہور: ایمان مزاری نے اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بیان کردیا

سماجی کارکن نے بتایا کہ راولپنڈی میں تحریک انصاف کے جلسےمیں انہیں ہراساں کیا گیاتھا۔

لاہور میں خاتون سے بدتمیزی اور برہنہ کرنے کے واقعے پر جہاں سیاسی و سماجی شخصیات افسوس کا اظہار کررہی ہیں وہیں وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی اور وکیل ایمان زینب مزاری نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بیان کردیا۔

جشن آزادی کے موقعے پر لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں کچھ اوباش نوجوانوں نے خاتون ٹک   ٹاکر سے بدتمیزی کی اور کپڑے پھاڑ دیے۔ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

ایمان مزاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ مینار پاکستان  کے  واقعے  نے انہیں راولپنڈی میں تحریک انصاف کے ایک جلسے کی  یاد  دلادی  جس  میں  ان  کے  ساتھ  بھی  ایک واقعہ پیش آیا  تھا۔

ایمان مزاری نے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں ہراساں ہونے کے بعد جب وہ رونے لگیں تو کچھ لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا۔ انہوں نے ہراسانی کے واقعے پر جب پوسٹ شیئر کی تو پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے خاموش رہنے کو کہا۔

ایک اور ٹوئٹ میں ایمان مزاری نے لکھا کہ اس ملک میں خواتین کو ہمیشہ صدمہ ہی دیا گیا ہے۔ ہر سانحے پر بس اتنا ہی کہا جاتا ہے کہ آپ وہاں گئیں کیوں تھیں، خواتین پر تشدد کرنے والے آخر کب قانون کی گرفت میں آئیں گے؟

یہ بھی پڑھیے

شفا یوسفزئی کا ایمان مزاری کو منہ توڑ جواب

ایمان مزاری نے کہا کہ یہ ایک دردناک حقیقت ہے کہ ملک میں جب بھی خواتین پر حملہ ہوتا ہے تو اس کا قصور وار بھی متاثرہ خاتون کو ہی ٹھہرایا جاتا ہے۔

متعلقہ تحاریر