افغان طالبان ٹی ٹی پی کو پاکستان میں کارروائیوں سے روکیں، شیخ رشید
وزیراعظم اور شیریں مزاری نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر ٹی ٹی پی کی جانب سے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ "ہم نے افغان طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ کالعدم پاکستان تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کو پاکستان کے اندر دہشتگرد کارروائیوں سے روکیں۔”
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے گزشتہ روز طور خم بارڈر پر اپنے دورے کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر قائم ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کی جانب سے خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 جوان شہید جبکہ 20 زخمی ہو گئے ہیں۔ حملہ عین اس وقت ہوا جب صبح کی شفٹ تبدیل ہو رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
1965 میں سیزفائر نہ ہوتا تو کشمیر بھی فتح کرلیتے، میجر (ر) مسرور بیگ
وزیر داخلہ نے توقع ظاہر کی کہ طالبان افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، کابل پر قبضے کے بعد 4 ہزار سے زیادہ افراد سرحد پار سے پاکستان میں آئے ہیں جبکہ اس سے زیادہ افراد افغانستان گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 10 ہزار سے زائد لوگوں کو افغانستان سے انخلاء میں مدد فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشتگرد پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے، تاہم جب حالات بہتر ہوں گے تو بہتری ہر طرف دکھائی دے گی۔
اتوار کی صبح کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر قائم ایف سی چیک پوسٹ کو دہشتگردوں نے نشانہ بناتے ہوئے خودکش حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے مستونگ روڈ پر ٹی ٹی پی کی جانب سے کئے گئے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "میں کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر ایف سی کی چیک پوسٹ پر ٹی ٹی پی کے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ میری ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ کیساتھ ہیں اور میں زخمیوں کی شفایابی کے لیے دعاگو ہوں۔ بیرونی قوتوں کی ایماء پر بننے والے دہشتگردی کے منصوبے خاک میں ملا کر ہمیں محفوظ بنانے والے اپنے محافظین اور ان کی قربانیوں کوسلام پیش کرتا ہوں۔”
کوئٹہ کےمستونگ روڈ پرFCکی چیک پوسٹ پرTTP کےخودکش حملےکی شدیدمذمت کرتاہوں۔میری ہمدردیاں شہداءکےاہلِ خانہ کیساتھ ہیں اورمیں زخمیوں کی شفایابی کیلئےدعاگوہوں۔بیرونی قوتوں کی ایماءپربننےوالےدہشتگردی کےمنصوبےخاک میں ملاکرہمیں محفوظ بنانےوالےاپنےمحافظین+انکی قربانیوں کوسلام پیش کرتاہوں
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 5, 2021
دوسری جانب وفاقی وزیر ہیومن رائٹس شیریں مزاری نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ” آج کوئٹہ میں ایف سی چیک پوسٹ پر ٹی ٹی پی کا حملہ قابل مذمت ہے۔ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں اور دعاگو ہیں۔ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بناتی رہیں گی۔ ‘را’ اپنی زر خرید ٹی ٹی پی کی مدد سے یہ کارروائیاں کررہی ہے۔”
Condemnable TTP attack today on FC checkpost in Quetta today. Condolences and prayers go to the families of the martyrs – our brave security forces continue to thwart the designs of terrorists esp the RAW-funded TTP.
— Shireen Mazari (@ShireenMazari1) September 5, 2021









