وطن کی خاطر لسانی اور گروہی تعصب سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، آرمی چیف

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے لواحقین کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افواج پاکستان تمام صلاحیتوں سے لیس ہے اگر کوئی دشمن ہمیں آزمانا چاہتا ہے تو وہ ہمیں ہر لمحے اور ہر محاذ پر تیار پائے گا۔ ہم پاکستان کی حفاظت، ترقی اور امن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہمیں وطن کی خاطر تمام لسانی ، گروہی اور ہر قسم کے تعصب سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا۔

جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کسی بھی اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ظاہری اور پوشیدہ دشمن کے ساتھ روایتی اور غیر روایتی جنگ لڑنے کے لیے مکمل لیس ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

طالبان اور پاکستان کی اہم تاریخوں میں ایک جیسا حسن اتفاق

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم نے دشمن کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کیا، اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ خود انحصاری پر عمل پیرا ہو کر دفاعی قوت میں اضافے کرتے ہوئے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی ، امن اور حفاظت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہمارے بزرگوں نے اپنی قربانیوں سے اس ملک کی شمع روشن کی ، ہمیں بھی اس کی سلامتی اور امن کو ہر حال میں یقینی بنانا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بلاشبہ وطن کا دفاع ایک مقدس فریضہ ہے۔ ہمارے شہداء کی قربانیاں وطن سے محبت اس جذبے کا اظہار ہیں۔ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور نہ ہی رائیگاں جانے دیں گے۔ شہداء کے ورثاء کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 1948 کا معرکہ ہو یا ستمبر 1965 کی جنگ، یا 1971 کی لڑائی، معرکہ کارگل ہو یا دہشت گردی کے خلاف طویل صبر آزما جنگ، ہر آزمائش میں افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہم ہر حالت میں اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن کا دفاع ایک مقدس فریضہ ہے جو ہمیں جاں سے زیادہ عزیز ہے۔ قیام پاکستان سے آج تک کا سفر جذبوں اور قربانیوں سے مزین ہے۔ عوام کے تعاون کے بغیر کوئی بھی فوج ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہے جیسا کہ ہمارے پڑوسی ملک میں ہوا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن غیرروایتی ہتھکنڈوں اور ڈس انفارمیشن سے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم ہر سطح پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ رہیں گے ، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، ہم کشمیر کے بارے میں ہندوستان کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو رد کرتے ہیں، یہ تمام بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہے۔

جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے تھے۔ تقریب میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی تھی، جبکہ تقریب میں افواج پاکستان کے شہداء کے لواحقین، غازی، حاضر سروس اور ریٹائرڈ عسکری حکام اور جوان موجود تھے۔

متعلقہ تحاریر