لاہور میں بارش کا سلسلہ جاری، کراچی میں بھی بادل برسیں گے
لاہور اور اس کے گردونواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ وقفے ققے سے جاری ہے۔ لاہور میں آج صبح سے ہونے والی بارش کے باعث جل تھل ایک ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 8 دنوں سے مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں کے علاوہ لاہور، بلوچستان اور سندھ میں بادل برس رہے ہیں۔ بلوچستان میں گزشتہ دو روز سے ہونے والی بارش کے بعد نہر ندیوں میں تغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
آج صبح لاہور اور اس کے گردونواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانگی بھی متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک پر 124 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی اور گرد ونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں بارشوں کا سلسلہ مزید 3 دن تک جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیے
پشاور میں بارش کے بعد مواصلاتی نظام درہم برہم
گزشتہ رات سندھ کے ساحلی شہروں ٹھٹہ اور بدین سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے۔ بارش کے دوران فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 2 دن قبل پشاور میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے۔ پانی جمع ہونے کے باعث انتظامیہ نے بی آر ٹی سروس بھی معطل کردی تھی۔