جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل بھارت کو پریشانی کا سامنا

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق ڈوزیئر جاری کردیا ہے ۔

پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ڈوزیئر جاری کردیا ہے جس میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں، خواتین سے زیادتی، کیمیل ہتھیاروں کے استعمال اور گمنان قبروں کے شواہد پیش کئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور وفاقی وزیر شیریں مزاری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی سمیت انسانی حقوق  کی سنگین خلاف ورزیوں سے پردہ ہٹایا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈوزیئر 131 صفحات پر مشتمل ہے جس میں بھارت کی سلامتی کونسل کی نفی کو سامنے لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے مسلمان علاقوں کو اقلیتوں میں تبدیل کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو 769 دن گزر چکے ہیں۔ وہاں نہتے کشمیریوں کی آواز کو دبایا جارہا ہے۔ بھارت عالمی اداروں کو بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام تک رسائی نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں 239 ٹارچر سیلز قائم کئے ہیں، اس وقت 10 ہزار کے قریب نوجوانوں کو جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا ہے لیکن انسانی حقوق کے علمبردار ممالک اور تنظیمیں نوٹس نہیں لے رہیں۔

یہ بھی پڑھیے

عمیر جیسوال کا ریمکس مقبوضہ کشمیر میں مقبول

وزیر خارجہ نے کہا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر بھارتی فوج نے ان کے گھر کی طرف جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا، جبکہ بھارتی فوج نے جسد خاکی بھی اپنے قبضے میں لے کر زبردستی دفنانے کی کوشش کی۔

پاکستان کی جانب سے پیش کئے گئے ڈوزیئر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے 113 حوالے پیش کیے گئے ہیں جس میں سے 41 کا حوالہ بھارتی میڈیا سے لیا گیا ہے اور 32 کا تعلق عالمی اداروں سے ہے۔

پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق ڈوزیئر اس وقت سامنے لایا ہے جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 14 نومبر سے شروع ہونے والا جنرل اسمبلی کا اجلاس ایک ہفتہ جاری رہے گا جس سے دنیا کے ممبر ممالک کے سربراہ خطاب کریں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی مظالم کو ایک بہتر وقت میں دنیا کے سامنے لایا گیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جنرل اسمبلی میں خطاب سے قبل دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرکے پاکستان نے ایک اچھا قدم اٹھایا ہے۔ ڈوزیئر سے بھارتی وزیراعظم پر دباؤ بڑھے گا۔

متعلقہ تحاریر