آرمی چیف کی شہزاد رائے کی تعلیم کے لیے کاوشوں کی تعریف
آرمی چیف نے شہزاد رائے کی این جی او "زندگی ٹرسٹ "کے تحت چلنے والے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز اسکول کراچی کا بھی دورہ کیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیاجہاں ان کو کراچی کور کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو صوبے کی موجودہ اندرونی سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا گیا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو امن و امان برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے خطے کی صورتحال کے پیش نظرہائبرڈ خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے اور قومی سوچ کے ساتھ ہائبرڈ خطرات کا مل کر جواب دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیے
وطن کی خاطر لسانی اور گروہی تعصب سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، آرمی چیف
دوسری جانب آرمی چیف نے شہزاد رائے کی این جی او "زندگی ٹرسٹ "کے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز اسکول کراچی کا بھی دورہ کیا۔
آرمی چیف کے دورے کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہزاد رائے کا کہنا تھا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زندگی ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے سرکاری اسکول خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز اسکول کراچی کا دورہ کیا۔
آرمی چیف نے زندگی ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے سرکاری اسکول خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز اسکول کہ طریقہ تعلیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 21 ویں صدی کے جدید تدریسی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے ہنر اور مہارت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
انھوں نےمزید کہا کہ”دور بین” کے زیر اہتمام اساتذہ کی تربیت کا کالج ملک میں تعلیم کے شعبے میں مثبت تبدیلی لاسکتاہے۔