انتخابی اصلاحات پر حکومت اور اپوزیشن پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر متفق

اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کے بعد  انتخابی اصلاحات کمیٹی کے ارکان کو نامزد کریں گے۔

 حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے پارلیمانی نمائندوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے منگل کی شام پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے. ملاقات میں انتخابی اصلاحات سے متعلق معاملات زیر بحث آئے. ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ایوانوں یعنی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے حکومت اور اپوزیشن کے اراکین پر مشتمل ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، جو انتخابی اصلاحات سے متعلق مختلف امور پر کام کرے گی۔

ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کے قیام کے لیے دونوں ایوانوں میں تحاریک پیش کی جائیں گی. ملاقات میں فیصلہ کیا گیا اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کے بعد  انتخابی اصلاحات کمیٹی کے ارکان کو نامزد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

چیئرمین نیب کی ریٹائرمنٹ، حکومت اور شریف فیملی آمنے سامنے

 اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزراء پرویز خٹک، شفقت محمود، اراکین قومی اسمبلی محترمہ شاہد اختر علی، سید نوید قمر، رانا تنویر حسین اور مرتضی جاوید عباسی شامل تھے.

دوسری جانب پی ٹی آئی حکومت نے بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے معاملے پر پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق شروع کردیا ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے وزیر اعظم کو پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا عندیہ دیا تھا۔

بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ڈاکٹر بابر اعوان کو فون کر کے ای وی ایم، آئی ووٹنگ اور الیکٹورل ریفارم بل اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق پر جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے بارے میں مشاورت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل ہو گی ، اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں رابطے جاری ہیں۔

متعلقہ تحاریر