مہنگائی عمران خان کے لیے سونامی ثابت ہوگی

پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی نے حکومت کی معاشی پالیسیز اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

ملک میں مہنگائی کے سونامی نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

پی ڈی ایم کے اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں حکومت کی ناکام معاشی پالیسیز اور مہنگائی کے خلاف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے 12 ربیع الاول کے بعد تحریک شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف نے بھی فیصلے کی توثیق کردی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں ، غریب آدمی خود کشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اس لیے پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق حکومت کی معاشی پالیسیز اور مہنگائی کے سونامی کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کی جائے گی۔ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں اس حکومت کو چلتا کرنے کے لیے ان مظاہروں اور ریلیوں میں بھر پور شرکت کریں۔

یہ بھی پڑھیے

آصفہ بھٹو زرداری کی محسن پاکستان کی رہائش گاہ آمد، اہلخانہ سے تعزیت

جھوٹی خبریں روکیں تو میڈیا مالکان مہم شروع کردیتے ہیں، فواد چوہدری

حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کی ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا اب جبکہ مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں تو حکومت بڑھائی قیمتوں کے فیصلے کو واپس لے۔ انہوں نے کہا ہے تین سال سے عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے یہ ہے ان کی حکمت عملی۔؟

گزشتہ روز جناح گراؤنڈ کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسیز کے سبب آئے روز اشیائے ضروریہ کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بجلی ، پیٹرول اور گیس سمیت ہر شے کی قیمت میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا جتنا چور وزیراعظم آج ہے پاکستان کی تاریخ میں اتنا بڑا چور وزیراعظم نہیں گزرا ہے۔

حکومت کے تحریک چلانے کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز اپنے حلقوں میں مہنگائی کے خلاف تحریک شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا کہا کرتے تھے۔ نوکریاں دی نہیں جارہیں  اور 50 لاکھ گھر دینے کی بجائے لوگوں کے سروں سے چھت چھینی جارہی ہے۔

16 اکتوبر کو تحریک انصاف کی حکومت کی معاشی پالیسیز پر تنقید کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کہا کرتے تھے جب بجلی اور گیس مہنگی ہو سمجھ جانا ملک کا وزیراعظم چور ہے ۔ آج فیصلہ ہوگیا کون وزیراعظم چور ہے؟

متعلقہ تحاریر