پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی فائرنگ، 2 فوجی جوان شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے 26 اور 27 اکتوبر کی رات پاک افغان سرحد پر لگی باڑ کو کراس کرنے کی کوشش کی تھی۔
خیبر پختون خوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق 26 اور 27 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں نے باڑ کو عبور کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں کرم کے رہائشی 21 سالہ لانس نائیک اسد اور لکی مروت کے رہائشی 21 سالہ سپاہی آصف نے جام شہادت نوش کیا۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب میں دو ماہ کے لیے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ
ترجمان پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کی جانب سے افغانستان کی سرزمین استعمال کیے جانے پر شدید مذمت کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کرے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ 22 اکتوبر کو خیبر پختون خوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید جبکہ ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں احمد اللہ نامی دہشت گرد مارا گیا جب کہ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران کوہاٹ کے رہائشی 34 سالہ نائیک خلیل اور لکی مروت کے رہائشی 21 سالہ سپاہی شاکر اللہ نے جام شہادت نوش فرمایا تھا۔









