پریانتھا کمارا کا قتل: رانا ٹنگا کی وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف
چند لوگوں کے اعمال پر پوری قوم، خاص طور پر پاک سری لنکا تعلقات کو نہیں پرکھا جانا چاہیے،سابق سری لنکن کپتان
سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر سیالکوٹ میں قتل کیے گئے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو انصاف دلانے کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا ہے۔
ارجنارانا ٹنگا نے وزیراعظم کو لکھا گیا خط سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کردیا۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ معزز وزیراعظم عمران خان صاحب ،پریانتھا کمارا کے خلاف کیے گئے جرم پر انصاف دلانے کیلیے آپ کی تمام کوششوں اور مقتول کے خاندان کے ساتھ تعاون پر آپ کا شکرگزار ہوں۔
یہ بھی پڑھیے
سری لنکن مینجر کا قتل، سنتھ جے سوریا وزیراعظم سے انصاف کے خواہاں
سری لنکن مینجر کا قتل ، عمران خان حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج
Dear Hon. Prime Minister @ImranKhanPTI,
Thank you for all your efforts in bringing justice for the crime committed against Priyantha Diyawadanage, and for the continued support and commitment toward his family.
Best Regards,
Your friend and colleague,
Arjuna pic.twitter.com/WwcvOWaIjK
— Arjuna Ranatunga (@ArjunaRanatunga) December 13, 2021
رانا ٹنگا نے مزید لکھا کہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ یہ کارروائیاں آبادی کے ایک چھوٹے سے حصے کی جانب سے کی جاتی ہیں، چند لوگوں کے اعمال پر پوری قوم، خاص طور پر پاک سری لنکا تعلقات کو نہیں پرکھا جانا چاہیے،ہم دونوں قوموں کے درمیان ہمیشہ مضبوطی اور یکجہتی کا رشتہ رہا ہے۔
رانا ٹنگا نے لکھا کہ جب سری لنکا مشکل کا شکار تھا تو یہ پاکستان ہی تھا جس نے ہمارے فوجیوں کا ساتھ دیا، اور 1996 میں دیگر ممالک نے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے سری لنکا آنے سے انکار کر دیا لیکن پاکستان نے مشکل وقت میں سری لنکا آکر آپ کی حمایت کا اظہار کیا۔
سابق سری لنکن کپتان نے وزیراعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ کرکٹ ہو یا سیاست، آپ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کرنے میں غیر متزلزل رہے ہیں۔ جب سے آپ پاکستان کے وزیر اعظم بنے ہیں، آپ ملک کے متنازع مسائل کو احتیاط سے حل کر رہے ہیں۔امید ہے کہ آپ پاکستانی کمیونٹی کے چند گمراہ افراد کو یہ سکھا سکیں گے کہ ہر ایک کے ساتھ وہی عزت اور وقار کا برتاؤ کریں جس کے تمام انسان مستحق ہیں۔
رانا ٹنگا نے خط کے اختتام میں لکھا کہ میں ایک بار پھر اس بھیانک جرم کے مرتکب تمام افراد کو ڈھونڈنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے میں آپ کی کوششوں کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا،ہم سری لنکن، بحیثیت قوم، آنجہانی کمارا خاندان کے مستقبل کے بارے میں آپ کے اظہار کردہ جذبات کی صحیح معنوں میں قدر کرتے ہیں۔