نوازشریف اور مریم نواز کوبلوچستان میں دہشتگرد حملوں پر سانپ سونگھ گیا

نوشکی اور پنجگور میں دہشت گرد حملے پسپا،13دہشت گرد مارے گئے، 7 فوجی جوانوں اور 3پولیس اہلکاروں سمیت 10جوانوں نے جام شہادت نوش کیا

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف اور مریم نواز کو بلوچستان میں دہشت گرد حملوں پر سانپ سونگھ گیا۔بلوچستان میں نوشکی اور پنجگور میں سیکیورٹی فورسز  کی جانب سے دہشت گردوں کے 2 بڑے حملے ناکام بنانے کے باوجودن لیگی قیادت نے کوئی مذمتی بیان جاری نہیں کیا۔

پنجگور اور نوشکی میں حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 13دہشت گرد مارے گئے جبکہ7 فوجی جوانوں اور3پولیس اہلکاروں سمیت10 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

یہ بھی پڑھیے

پاک فوج نے بلوچستان میں دہشتگردوں کا ایک اور وار ناکام بنا دیا

 

 اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے علاوہ نوازشریف اور مریم نواز سمیت مسلم لیگ ن کے کسی  سرکردہ  رہنما نے دہشت گردوں کی مذمت میں  کوئی بیان تک جاری نہیں کیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ بلوچستان کے علاقوں میں دہشت گردوں کے حملوں کے خلاف جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے پر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام ارض وطن کے دفاع، سلامتی اور امن کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے اپنے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم متحد اور یکسو ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے ضلع پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک افسر سمیت متعدد جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے پنجگور اور نوشکی میں دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔

بلاول بھٹوزداری نے واقعے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور کہا دہشگردی کسی بھی شکل میں ہو، تہذیب اور انسانیت کی قاتل ہے، ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہماری قومی خودمختاری کی حفاظت کے عزم کی دلیل ہے، پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور میں اب تک 4 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے، 4 سے 5 دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر لیا ہے۔  آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں مجموعی طور پر 9 دہشت گرد مارےگئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد اور ان کے ہینڈلرز بھارت اور افغانستان میں رابطے میں تھے۔

متعلقہ تحاریر