آئندہ لوٹوں کو ووٹ دیا تو کبھی فیصل آباد نہیں آؤں گا، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے بند کمروں میں میرے خلاف سازش تیار کیجارہی ہے، اس لیے میں نے ایک ویڈیو تیار کی جس میں ان تمام کرداروں کو نام لیا ہے جو میرے خلاف سازش تیار کررہے ہیں

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ اگر فیصل آباد والوں نے آئندہ لوٹوں کو ووٹ دیا تو میں مستقبل میں کبھی فیصل آباد نہیں آؤں گا۔

فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتےہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ سب سے زیادہ لوٹے فیصل آباد سے نکلے ہیں اس لیے اگر پی ٹی آئی ووٹرز نے اگلےانتخابات میں لوٹوں کو ووٹ دیا تو میں کبھی فیصل آباد نہیں آوں گا۔

یہ بھی پڑھیے

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کامیاب پاکستان پروگرام کے معترف

انڈیا کے ساتھ تجارت ، انجمن کاشتکاراں قصور نے حکومت کو وارننگ دے دی

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی بڑے مجرم کو پکڑا نہیں گیا ہے۔ بند کمروں میں میرے خلاف سازش تیار کیجارہی ہے، اس لیے میں نے ایک ویڈیو تیار کی جس میں ان تمام کرداروں کو نام لیا ہے جو میرے خلاف سازش تیار کررہے ہیں، مجھے چند دن پہلے پتا چلا میرے خلاف سازش تیار کی جارہی ہے۔ لیاقت علی خان کے قتل کے پیچھے کون تھا کسی کو آج تک پتا نہیں چلا۔

مراسلےسے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میری حکومت کو گرانے کےلیے لندن اور امریکہ میں سازش تیار کی گئی، ڈونلڈ لو نے دھمکی دی اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو سازش امریکہ میں تیار ہوئی پاکستان کے میر جعفروں اور میر صادقوں نے میری حکومت کو گرا دیا،

سربراہ پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا میڈیا سے کہتاہوں آج لوگوں سے ٹماٹر اور مرغی کے گوشت کا ریٹ معلوم کریں ، پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا اب ان سےحکومت سنبھال رہی ہے، 2018 میں فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹریز بند ہو رہی تھی ، ہمارے دور میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے ریکارڈ توڑے ، ماضی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بند کر ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی جارہی تھیں۔ ہمارے دور میں کسان کو اتنا پیسہ ملا کہ پاکستان میں اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔ہمارے دور میں کسان خوش تھا اور انڈسٹری تیزی سے ترقی کررہی تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا بلاول بھٹو زرداری کا سارا پیسہ باہر کے ملکوں میں پڑا ہے انہیں ناراض کردیا تو سارا پیسہ ملک سے نکل جائےگا ، نیا وزیر خارجہ اس لیے بات نہیں کررہا کہ امریکہ ناراض ہو جائےگا، جب نیا وزیر خارجہ امریکا جائے گا تو یہ آپ کے لیے بات نہیں کریں گے ۔

بھارت آج روس سے سستا تیل خرید رہا ہے ، بھارت ہمارے ساتھ آزاد ہوا لیکن وہ روس سے تیل خرید رہا ہے، ہم نے امریکہ کی غلامی کبھی قبول نہیں کرنی ہے، بھارت آزاد ہے اور امریکہ نے ہمیں غلام بنایا ہوا ہے، امریکا کا بھارت کے اسٹریجک الائنس ہےاس لیے وہ بھارت کو کچھ نہیں کہتا ہے ، یہ لوگ کبھی امریکہ کو ناراض نہیں کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا ایک زہر بتاؤں گا جو کھانے میں ڈال دیا جائے ہارٹ اٹیک ہو جاتا ہے، مجھے کچھ ہوا تو پاکستان کے عوام مجھے انصاف دلوائیں گے، ایف آئی اے کے دو افسران کو دباؤ کی وجہ سے ہارٹ اٹیک ہوا ، مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو دیکھ کر مجھے انصاف دلانا ، جن جن کے نام ویڈیو میں ہیں ان سب کو کٹہرے میں لانا ، باپ بیٹےکی تفتیش کرنے والا افسررضوان ہارٹ اٹیک سے ہلاک ہو گیا۔

سابق وزیراعظم کا کہناتھا جس پارٹی کےلیڈر کا پیسہ باہر ہو وہ آپ کے مفادات کی بات کیسےکرسکتا ہے، انہیں پتا ہے اگرآقاؤں کو ناراض کردیا تو پیسہ چلا جائے گا، کسی ایسے شخص کو ووٹ نہ دینا جس کے لیڈر کا پیسہ ملک سےباہر ہو۔ بلاول بھٹو کبھی اپنے غیرملکی آقاؤں کو ناراض نہیں کرےگا کیونکہ اس کا پیسہ باہر کے ملکوں میں پڑا ہے۔

انہوں نے کہا میری سپریم کورٹ سے عاجزانہ گزارش ہے کہ ایف آئی اے کے اقدام پر سوموٹو لے۔

متعلقہ تحاریر