اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین تحریک انصاف کی نااہلی کے لیے ریفرنس دائر کردیا
راجہ پرویز اشرف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس میں آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت عمران خان کی نااہلی کی درخواست کی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لئے پی ڈی ایم کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھی ریفرنس دائر کردیا گیا،جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے 52 تحائف قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معمولی قیمت پر وصول کئے۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پہلا نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے توشہ خانہ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو بھجوایا۔
یہ بھی پڑھیے
ممنوعہ یا فارن فنڈنگ کا کیس ہمیں نہیں دبا سکتا ، عمران خان
سیاستدانوں سے 35 سال کا حساب مانگا جاتا ہے مارشل لاء والوں سے کوئی نہیں پوچھتا، سید خورشید شاہ
ریفرنس میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے لیے تحائف اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے اور نہ ہی انہوں نے تحائف بھیجنے کی رقوم کی تفصیلات گوشواروں میں جمع کرائیں۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر نے ریفرنس کی فوری سماعت کی درخواست کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔
تین قومی مقننہ محسن شاہنواز رنجھا، آغا سید رفیع اللہ اور مولانا صلاح الدین ایوبی کے 28 صفحات پر مشتمل ریفرنس نے سابق وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے توشہ خانہ کے 52 گفٹ آئٹمزاور قانون و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معمولی قیمت پر لینے کی نشاندہی کی تھی۔









