چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی کی تقرری لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

وفاقی حکومت نے سابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین کے استعفے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی کو چیئرمین تعینات کیا

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی چیئرمین واپڈا تعیناتی کو لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ عدالت نے چیئرمین واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی تعیناتی کے رولز اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی طلب کرلی ہے ۔

لاہور ہائیکورٹ میں شہری محمد دانیال نذیر راٹھور کی جانب سے دائر کی گئی چیئرمین واپڈا کی تعیناتی کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر جسٹس شاہد وحید نے سماعت کی ۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا کا استعفیٰ منظور کرلیا

درخواست گزارنے مؤقف اختیارکیا کہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی تعیناتی میرٹ اورقانون کی خلاف ورزی ہے۔ وفاقی حکومت منظور نظر افراد کو اہم عہدوں پر تعینات کر کے نواز رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین واپڈا سجاد غنی کی تعیناتی میں قانون، میرٹ اور شفافیت کو مدنظر نہیں رکھا گیا جبکہ تعیناتی کے لیے شفافیت کے قانونی اصول کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی بطور چیئرمین واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی تعیناتی کے لیے آئینی تقاضوں کی بھی خلاف ورزی کی گئی ہے جبکہ اس حوالے سے اعلیٰ عدلیہ اصول وضع کرچکی ہے۔

 درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی تعیناتی غیرآئینی قرار دے کر کالعدم قرار دی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی تعیناتی کے رولز اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی طلب کر لی ہے ۔

واضح رہے کہ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے 12 اگست کو اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا تھا۔ سابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین  نے 7 مئی 2022 کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔

متعلقہ تحاریر