بہاولپور میں بااثر شخص کا شہری پر بہیمانہ تشدد، موبائل سے وڈیو بھی بناتا رہا

نون لیگی رکن اسمبلی کھیسو مل داس نے بااثر شخص کے تشدد کی وڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرکے بہاولپورپولیس سے ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا

پنجاب کے ضلع بہاولپورمیں بااثر شخص نے شہری کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا جبکہ ملزم  شہری کو ٹارچر کرتے ہوئے اپنے موبائل فون سے وڈیو بھی ریکارڈ کرتا رہا ۔

پاکستان مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی  کھیسو مل داس نے ٹوئٹر پر بہاولپور میں بااثر شخص کی شہری پر تشدد کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے پنجاب پولیس سے ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا  ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

بہاولنگر میں بااثر افراد کا تھانے میں لیڈی ڈاکٹر  پر تشدد، ایس ایچ او تماشہ دیکھتا رہا

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بااثر شخص شہری کے ہاتھ پاوں باندھ کراسے پائپوں سے تشدد کا نشانہ بنارہا ہے۔

لیگی رکن اسمبلی نے بتایا کہ ظلم کرنے والے شخص کا نام محمد عاشق  ہے اور وہ بہاولپور کی تحصیل یزمان کے گاؤں چک 102 ڈی بی کا رہائشی ہے۔

رکن قومی اسمبلی کھیسو مل داس نے  کہا کہ آئی جی پنجاب سے درخواست ہے اسکو فوراً گرفتار کریں اور سخت سے سخت سزا دلائیں۔

نون لیگ کے رکن اسمبلی کھیسو مل داس نے کہا کہ پنجاب پولیس کی  کارروائیاں نہ ہونے کے باعث پنجاب میں فرعونیت پروان چڑھ رہی ہے۔

 دوسری جانب کھیسو مل داس کے پیغام  پر بہاولپور پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ  ڈی پی او بہاولپورعبادت نثار نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے ۔

ترجمان بہاول پورپولیس نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ جلد ہی ملزم کو گرفتار کرکے  قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

پنجاب پولیس کی  بیان پر کھیسو مل داس نے کہا کہ  معاشرے میں لا قانونیت بڑھ رہی ہے۔ قرار واقعی سزا ضرور دلوائیں آپکا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپکی قانون کیمطابق میرٹ پر سخت کاروائی ان تمام فرعونوں کے لئے باعث خوف ہونی چاہیئے۔

متعلقہ تحاریر