الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب زدگان کی بے مثال خدمت سے دل جیت لیے

پاکستانی سوشل میڈیا الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی امدادی خدمات کی وڈیوز اور ان کی تعریف میں کی گئی پوسٹس سے بھرگیا۔الخدمت فاؤنڈیشن کو امدادی سرگرمیوں ہیلی کاپٹر دلوانے کیلیے چندہ مہم بھی شروع کردی گئی۔

جماعت اسلامی کی رفاہی تنظیمی الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں جاری تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بے مثال خدمت کرکے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے۔

پاکستانی سوشل میڈیا الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی امدادی خدمات کی وڈیوز اور ان کی تعریف میں کی گئی پوسٹس سے بھرگیا۔الخدمت فاؤنڈیشن کو امدادی سرگرمیوں ہیلی کاپٹر دلوانے کیلیے چندہ مہم بھی شروع کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

سیلابی صورتحال پی ٹی آئی کے جلسے ، جماعت کے حمایتی بھی ناراض

کپتان بابر اعظم سمیت پاکستانی کرکٹرز کی سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل

پاکستان کی سب سے منظم مذہبی و سیا سی تنظیم جماعت اسلامی کا رفاہی ادارہ الخدمت فاونڈیشن  خیبرپختونخوا ،جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں پوری تندہی سے امداد سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک بھر کے سیلاب زدہ علاقوں کا بذات خود دورہ کرکے سیلاب کے نقصانات اور الخدمت کی رفاہی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ سندھ کے دورے کے دوران سراج الحق نے سڑک پر کھلے آسمان تلے موجود متاثرین کو پٹرول پمپ پر رات گزارنے کیلیے جگہ بھی دلوائی۔

خیبرپختونخوا میں دیر بالا اور سوات میں الخدمت کے رضاکاروں نے اپنی جانیں جوکھم میں ڈال کر سیلاب میں پھنسی خواتین اور بچوں کو بچایا۔دیر بالا میں الخدمت کے رضاکاروں نے دریا میں گرنے والی گاڑی کو ساڑھے3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد دریا سے  نکالا ۔خوش قسمتی سے گاڑی میں سوار دو خواتین  کو زندہ نکال لیا گیا۔

گزشتہ روز سوات میں اچانک آنے والے سیلاب نے لوگوں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں دیا۔کئی خواتین اور بچےسیلاب میں گھر مکانات میں محصور ہوگئے۔ایسے میں وسائل نہ ہونے کے باوجود الخدمت کے رضاکاروں نے مسجد کی میت کی ڈولی سے عارضی لفٹ بنا کر بچوں اور نوجوانوں کو کامیابی سے ریسکیو کیا۔ الخدمت کے رضا کاروں کے اس جذبہ ایثار کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے، حامد میر سمیت کئی صحافیوں اور تجزیہ کاروں نے اس وڈیو کو شیئر کیا ہے۔

اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی زندگیاں بچانے والے الخدمت کے بہادر رضاکار کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔سوشل میڈیا پر دستیاب معلومات کے مطابق الخدمت کے اس بہادر رضاکار کا نام فرمان اللہ ہے، جو اپر دیر کے رہائشی ہیں۔

آج سامنے آنے والی ایک وڈیو میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار کو خیبرپختونخوا کے دشوار گزار پہاڑے راستے گھٹنوں گھنٹوں پانی سے بھری سڑک پر ایک بزرگ کو کندھے پر اٹھاکر محفوظ مقام پر لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

انسان تو انسان الخدمت کےرضا جانوروں کی خدمت  سے بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ جنوبی  پنجاب کے ضلع راجن پور میں کشتی کے ذریعے سیلاب میں گھرے افراد کو ریسکیو کرنے پر مامور الخدمت کے رضاکاروں نے مکان کی چھت پر پناہ لینے والے آوارہ کتوں تک روٹی پہنچا کر سوشل میڈیا صارفین سے خوب داد اور دعائیں سمیٹیں۔

الخدمت کے رضاکارسندھ کےمختلف شہروں بینظیر آباد، سکرنڈ،نوشہروفیروز،سکھر،جیکب آباد،شہداد کوٹ، لاڑکانہ،خیرپور،ڈہرکی اوردیگر شہروں میں بھی سیلاب زدگان کی ہر ممکن امداد میں مصروف ہیں۔الخدمت کی جانب سے ملک بھر میں سیلاب متاثرین کو خیمے،راشن ،پکا پکایا کھانا، پانی، ادویہ ،مچھر دانیاں اور ضروریات زندگی کا دیگر سامان مہیا کیا جارہا ہے۔

الخدمت کےکارکنان کراچی سمیت ملک بھر میں لگائے گئے کیمپوں میں امدادی سامان اور رقوم جمع کرنے میں مصروف ہیں جبکہ کراچی اور لاہور کے علاوہ ملک دیگر شہروں میں قائم الخدمت کےمراکز سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کاکام 24 گھنٹے جاری ہیں۔

الخدمت فاؤںڈیشن کی خدمات کو دیکھتے ہوئے مخیر حضرات اور بڑے کاروباری گروپس اس کے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ ڈالڈا کوکنگ آئل نے سیلاب زدگان کی امداد کیلیے گزشتہ روز 12 ٹن کوکنگ آئل الخدمت کو عطیہ کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر