کیا حکومتی لچک مذاکرات کا اشارہ ہے؟

پیر کی سہ پہر حکومت نے اپوزیشن کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کردیں۔ پی ڈی ایم کا جلسہ خیروعافیت سے ہوگیا۔

پیرکوحکومت اوراپوزیشن کے درمیان شدید تناؤ کے بعد پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دے دی گئی۔ کیا حکومت کی جانب سے اچانک لچک کا مظاہرہ کرنا مذاکرات کا عندیہ ہے؟

ملتان میں پی ڈی ایم (پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ) نے سیاسی قوت کا مظاہرہ کردکھایا۔ پیر کی صبح تک خبریں آرہی تھیں کہ اپوزیشن جلسہ کرنے اور حکومت انہیں روکنے پر بضد ہے۔ حکومت نے جگہ جگہ رکاوٹیں لگائیں تو اپوزیشن نے کارکنان کورکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچنے کی ہدایت کی۔

پی ڈی ایم کے کارکنان حکومتی فیصلے کے خلاف جانے کو تیار تھے۔ امکان تھا کہ جلسے میں انتظامیہ اور اپوزیشن کارکنان آمنے سامنے آجائیں گے۔ تاہم پیر کی سہ پہر حکومت نے اپوزیشن کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کردیں۔ پی ڈی ایم کا جلسہ خیروعافیت سے ہوگیا اور کوئی بدنظمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

کیا حکومت کا اچانک سے رکاوٹیں ہٹا دینا قومی سطح پر مذاکرات کا عندیہ ہے؟ کیونکہ مسلم لیگ (ن) سے شہباز شریف نے پرول پر رہائی کے ساتھ ہی قومی سطح پرمذاکرات کی بات کی تھی۔ شہبازشریف کے اس بیان کے حق میں حکومتی رکن شیخ رشید نے بھی بیان دیا اور کہا فی الحال این آر او کے علاوہ قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ملتان جلسے پر حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے

شہبازشریف کی مذاکرات کی بات کوحکومتی ارکان نے حوالے سے بات نواز شریف کا بیانیہ ہے یا نہیں؟ اس حوالے سے ابھی کچھ واضح نہیں ہے۔ یہ بھی کہنا قبل از وقت ہے کہ نواز شریف ان کی بات مانیں گے یا نہیں؟۔

بالکل اسی طرح حکومت کی طرف بھی معاملات کچھ مختلف نہیں ہیں۔ شیخ رشید نے شہباز شریف کی بات پر حامی تو بھر دی ہے۔ لیکن کیا عمران خان ان کی بات پر کان دھریں گے؟۔ اس ضمن میں ابھی سب کچھ ٖغیرواضح ہے۔

اس حوالے سے سینئر تجزیہ کار امتیاز گل نے نیوز 360 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘قومی سطح پر مذاکرات مریم نواز کے بیان کے متصادم ہیں۔ بظاہر حکومت اور شہباز شریف کے درمیان پس پردہ کچھ چل رہا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘مذاکرات جمہوریت اور جمہوری عمل کا نچوڑ ہے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات ملک کو آگے لے جانے میں کردار ادا کرتے ہیں’۔

اب دیکھنا ہے کہ کیا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قومی سطح پر مذاکرات ہوں گے؟ اگر ہوں گے تو کیسے ہوں گے؟ اور اگر نہیں ہوں گے تو کیا وجہ ہوگی؟ یا پھر اگر مذاکرات ہوگئے تو ان کا نتیجہ کیا نکلے گا؟ یہ تمام سوالات ابھی جواب طلب ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

جلسہ، کرونا اور حکومت و اپوزیشن کی ہٹ دھرمی

متعلقہ تحاریر