شہبازگل کی عیادت کرنے پر ڈاکٹر سعید مصطفی کو شو کاز نوٹس جاری

شہید ذوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد نے اسسٹنٹ پروفیسر(آرتھوڈانٹکس) ڈاکٹر سعید مصطفی کو پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کی عیادت کرنے اورانکے ہمراہ تصاویر بنانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے سرکاری ملازم ہوتے ہوئے وہ سرگرمیاں سرانجام دیں جن کی آپ کو بلکل بھی اجازت نہیں تھی

شہید ذوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد نے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی عیادت کرنے اور انکے ہمراہ تصویر بنوانے پر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید مصطفی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔

شہید ذوالفقارعلی بھٹومیڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے کنٹریکٹ ملازم اسسٹنٹ پروفیسر (آرتھوڈانٹکس) ڈاکٹر سعید مصطفی کو اسپتال انتظامیہ کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بغاوت کیس: شہباز گل کی غیرمشروط معافی مانگنے کی پیشکش

ڈاکٹرسعید مصطفی کوشہید ذوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ شو کاز میں کہا گیا ہے کہ آپ نے اپنے ٹوئٹرہینڈل سے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی 160ملین ڈالر کی امداد کو آڈٹ چاہتا ہوں۔

اپ نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ حکومت کرپٹ ہے اور یہ فنڈز مستحقین تک نہیں پہنچے گی جبکہ آپ خود ایک سرکاری ملازم ہیں اورآپ کو ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بلکل اجازت نہیں ہیں۔

اظہاروجوہ کے نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ 17 اگست کو آپ نے اسپتال کے انتظامی امور میں مداخلت کی اورعدالتی حکم پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز میں داخل شہباز گل سے ملاقات کی ۔

نوٹس میں کہا گیا کہ آپ نے اسپتال انتظامیہ کو گمراہ کیا کہ آپ میڈیکل پینل کا حصہ ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو گمراہ کرکے آپ ان کے کمرے میں چلے گئے جبکہ آپ کو شہباز گل کے کمرے سے باہر نکلنے کا کہا تو آپ نے مزاحمت کی ۔

شو کازنوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ سے تحریری طورپوچھا جاتا ہے کہ بتایا جائے کہ آپ کو کیوں نہ نوکری بے طرف کیا جائے یا جرمانہ عائد کیا جائے۔ 14 روز کے اندر جواب داخل نہ کروانے پر آپ کے خلاف فیصلہ دیا جائے گا ۔

متعلقہ تحاریر