اسحاق ڈار کی واپسی اور مریم نواز کی آڈیو لیک سے دلبرداشتہ مفتاح اسماعیل نے استعفیٰ دے دیا

مفتاح اسماعیل کے مستعفی ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو نیا وزیر خزانہ نامزد کر دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سینیٹر اسحاق ڈار کی وطن واپسی کی خبروں اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز دی مبینہ آڈیو لیک سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

 پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے اتوار کے روز پارٹی کے فیصلے کے مطابق وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جب کہ ان کی جگہ سابق وزیر خزانہ اور سینیٹر اسحاق ڈار کو نامزد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ایم این اے نفیسہ شاہ کو سوشل میڈیا پر اپنے حلقے کی  ویڈیو شیئر کرنا مہنگی پڑ گئی

شہباز شریف اور وزیراعظم ہاؤس کی دو مبینہ آڈیو لیک، ایجنسیز کیا کررہی ہیں؟

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز لندن میں میاں نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات  کی تھی ، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور معاشی صورتحال سمیت موجودہ مخلوط حکومت کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل، ملک محمد احمد خان اور احد چیمہ نے بھی شرکت کی تھی۔

ملاقات کے دوران مفتاح اسماعیل نے نواز شریف کو اپنا استعفیٰ پیش کیا اور موقع فراہم کرنے پر مسلم لیگ ن کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے چار ماہ کے مختصر دور میں اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور تندہی سے ادا کیں۔

استعفیٰ قبول کرتے ہوئے نواز شریف نے مفتاح کی کوششوں اور اس وقت اپنے فرائض کی انجام دہی کی تعریف کی جب ملک معاشی بحران کا شکار تھا۔

اجلاس میں مختلف امور سمیت اس بات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا کہ موجودہ حکومت نے سابقہ ​​حکومت کی وجہ سے ہونے والی معاشی تباہی سے ملک کو بچانا ہے۔

اجلاس میں ہی مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ نامزد کیا۔

واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ اتوار کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ پاکستان واپس آ رہے ہیں اور منگل کو سینیٹر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے بڑے رہنماؤں کے فیصلے کے بعد وہ بدھ کے روز وزیر خزانہ کا حلف لیں گے۔

متعلقہ تحاریر