وزیراعظم اور وفاقی وزراء کی آڈیو لیکس، پی ٹی آئی درخواست لے کر سپریم کورٹ پہنچ گئی
تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعظم ، وفاقی وزراء اور اسپیکر نے مل کر پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق سازش کی ، اس لیے تحقیقات کے لیے جوڈیشنل کمیشن تشکیل دیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزراء کی آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس معاملے پر جوڈیشنل کمیشن تشکیل دیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزراء نے اسپیکر سے مل کر پی ٹی آئی استعفوں سے متعلق فوج داری سازش کی، اس طرح وزیراعظم اور وفاقی وزراء نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی۔
یہ بھی پڑھیے
ترجمان بلوچستان حکومت سیلاب سے متعلق سوالوں کے جوابات دینے میں ناکام
جی سی یو کے بعد آکسفورڈ یونین کی بھی عمران خان کو خطاب کی دعوت
درخواست کے ہمراہ سپریم کورٹ میں وزیراعظم اور وفاقی وزراء کی آڈیو لیکس کا ٹرانسکرپٹ بھی جمع کرایا گیا۔
درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور دیگر ممبران کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے جو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے علاوہ اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف، احسن اقبال، ایاز صادق اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے بھی انکوائری کرے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ آڈیو لیکس میں درخواست گزار کو سیاست سے دور رکھنے کے لیے سازش کی گئی، ان آڈیو لیکس میں ایک مجرمانہ سازش کے تحت درخواست گزار کو ٹارگٹ کیا گیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آڈیو لیکس کو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ تسلیم کر چکے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ نئی صورتحال پیدا ہونے سے قبل عدالت سے استدعا ہے کہ وہ جوڈیشل نوٹس لے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہ متفرق درخواست استعفوں سے متعلق مقدمے میں دائر کی گئی ہے جو سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔









