صدر مملکت آج شام پانچ بجے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

اجلاس میں ایوان زیریں اور ایوان بالا سے تعلق رکھنے والے ارکان شرکت کریں گے۔اراکین پارلیمنٹ کی سہولت کے لیے پارلیمنٹ لاجز سے پارلیمنٹ ہاؤس تک خصوصی شٹل سروس چلائی جائے گی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایوان زیریں اور ایوان بالا کے مشترکہ اجلاس سے آج شام 5 بجے خطاب کریں گے۔صدر کے خطاب سے موجودہ پارلیمنٹ کے کے پانچویں اور آخری پارلیمانی سال کا آغاز ہو جائے گا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس کے لیے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اجلاس میں ایوان زیریں اور ایوان بالا سے تعلق رکھنے والے ارکان شرکت کریں گے۔اراکین پارلیمنٹ کی سہولت کے لیے پارلیمنٹ لاجز سے پارلیمنٹ ہاؤس تک خصوصی شٹل سروس چلائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

اسلام آباد ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس ڈسچارج

صدر کے خطاب سے شروع ہونے والا آخری پارلیمانی سال مختصر ترین پارلیمانی سال ہو گا کیونکہ اگر قومی اسمبلی کو مقررہ مدت سے پہلے تحلیل نہیں کیا گیا تو یہ 310 دنوں پر مشتمل ہو گا۔

قواعد کے مطابق صدر کی تقریر کا مسودہ حکومت نے تیار کرکے صدر مملکت کو بھجوایا ہے۔

صدر اپنی تقریر میں حکومت کی گزشتہ سال کی کارکردگی پر روشنی ڈالیں گے جبکہ اگلے سال کے لیے حکومت کے اہداف کی نشاندہی کریں گے۔

15ویں قومی اسمبلی کے آخری سال کے آج کے اجلاس کے ساتھ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 56 کی شق (3) کے تحت منعقد کیا جارہا ہے۔

صدر مملکت نے موجودہ اسمبلی سے پہلا صدارتی خطاب 17 ستمبر 2018 کو، دوسرا 12 ستمبر 2019 کو، تیسرا 20 اگست 2020 کو اور چوتھا 13 ستمبر 2021 کو کیا تھا۔

خیال رہے کہ چوتھا پارلیمانی سال سات ہفتے قبل 13 اگست 2022 کو ختم ہوا تھا اور یہ مشترکہ اجلاس قومی اسمبلی کے آخری سال کا پہلا اجلاس ہوگا۔

اجلاس کے حوالے سے خصوصی دعوت نامے بھی جاری کیے گئے ہیں۔

مشترکہ اجلاس میں چاروں صوبائی گورنرز، وزراء اعلیٰ، صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر اعلیٰ اور گورنر گلگت بلتستان کو شرکت کے لیے دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیں۔

مشترکہ اجلاس میں چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز سمیت اسپیکرز قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور وزیر اعظم کے معاونین خصوصی بھی شرکت کریں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان،  آڈیٹر جنرل آف پاکستان، چیف الیکشن کمشنر سمیت آئینی اداروں کے سربراہان اور وفاقی سیکرٹریز کو بھی مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

اجلاس میں شرکت کے لیے مسلح افواج کے سربراہان  پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارتکاروں اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی خصوصی دعوت نامے جاری  کیے گئے ہیں ۔

اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر