وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کو فراڈ قرار دے دیا

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا ہے عمران نیازی ملکی تاریخ کا سب سے جھوٹا وزیراعظم ثابت ہوا ہے، جس نے پاکستان کے خلاف سب سے بڑی سازش کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اور اس کے حواریوں نے قوم کا وقت برباد کیا ہے ، اتحادی حکومت پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ، آڈیو لیک کے معاملے پر حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے ، اگر ہم نے آڈیو لیک کروانی ہوتی تو اپنی آڈیو کیوں لیک کرواتے۔؟ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کیا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آڈیو لیک کروانے میں ہمارا کوئی ہاتھ نہیں ہے ، آڈیو لیک میں عمران خان نے کہا ہم نے کھیلنا ہے اور امریکہ کا نام نہیں لینا۔ آڈیو لیک میں سازشی ٹولہ کہہ رہا ہے مرضی کے منٹس بنائیں گے ، وطن کی عزت کو مجروح کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

70 لاکھ اور ایک کروڑروپے تنخواہ لینے والےافسران کچھ نہیں کررہے، رانا تنویر

کسی کو عمر بھر کے لیے نااہل کرنا آسان نہیں، فیصل واوڈا کیس میں چیف جسٹس کے ریمارکس

شہباز شریف کا کہنا تھا آپ (عمران خان) نے اٹھ کر کہہ دیتے ہیں ہم نے امریکہ کے ساتھ مل کر سازباز کی ہے ، یہ امپورٹڈ حکومت ہے۔ صدر مملکت نے 20 منٹ میں اسمبلی تحلیل کرنے کی منظوری دے دی۔ ہماری آئینی جدوجہد کو سازش کا نام دے کر الزامات لگائے گئے۔ اب سازشی چہرے قوم نے دیکھ لیے ہیں ، اس میں اب کوئی شک نہیں کہ سازش عمران خان کی۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا آڈیو لیک کے بعد سازش کے سارے تانے بانے عمران خان سے مل چکے ہیں ، عمران نیازی ٹولے کے علاوہ مجھے کوئی نام نظر نہیں آتا۔ عمران نیازی ملکی تاریخ کا سب سے جھوٹا وزیراعظم ثابت ہوا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا عمران خان نے پاکستان کے خلاف بدترین سازش کی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ سازش کا سائفر سے کوئی تعلق نہیں ہے ، پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ، اب چور ڈاکو کہنے والوں کا احتساب ہو جائے گا جس میں کوئی دو رائے نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا میں ایسے الفاظ استعمال نہیں کرتا مگر میں آج کہتا ہوں عمران خان فراڈ ہے فراڈ۔ سیلاب کے دوران سیاست کو ایک طرف کردینا چاہیے تھا، یہ پتھر دل انسان ہے اس کو انسانوں کا کوئی خیال نہیں ہے۔ دوسری جانب سیکریٹری جنرل اسمبلی نے پاکستان کا مقدمہ باآواز بلند لڑا۔ چار سال سے بتا رہا تھا عمران نیازی جھوٹا شخص ہے۔ سازشی ٹولہ چاہتا ہےکہ دنیا سیلاب متاثرین کی امداد نہ کرے اور حکومت بدنام ہو جائے۔ فراڈیا شخص قوم کو تنہائی میں لے گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا میں خطاکار انسان ہوں مگر قوم کے ساتھ جھوٹ نہیں بولوں گا ، غلط بات کروں تو قوم میرا گریبان پکڑ سکتی ہے ، عمران نیازی کہتے ہیں نیب قوانین میں جو تبدیلی کی گئی اس کا مقصد این آر او لینا تھا۔ مریم بیٹی کا جو کیس ہے اس کا اس ترمیم سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ یہ ترمیمی آرڈیننس عمران خان کے دور حکومت میں جاری ہوا تھا، 190 ملین پاؤنڈ کا ڈاکا این آر او نہیں ہے تو پھر کیا ہے۔؟ میں چور ڈاکو کی بحث میں نہیں پڑوں گا یہ گرے ہوئے الفاظ ہیں۔

متعلقہ تحاریر