ضمنی اور بلدیاتی انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، الیکشن کمیشن

ای سی پی نے وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔

قومی  اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات اور کراچی کے بلدیاتی انتخاب مقررہ وقت پر ہوں گے، الیکشن کمیشن نے التوا کے حوالے سے حکومتی درخواست مسترد کردی۔

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ضمنی انتخابات ملتوی کئے جانے کے لئے کے خط تحریر کیا گیا تھا جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

اسحاق ڈارامریکا روانہ: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کون طے کرے گا ؟

پلی بارگین اور 50 کروڑ کی حد مقرر کرنے سے ملزمان کو فائدہ ہوا، سپریم کورٹ

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس آج چیئرمین ای سی پی سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کی حکومتی درخواست پر سیکریٹری داخلہ ، سیکریٹری دفاع اور ڈی جی ملٹری آپریشنز کو طلب کیا تھا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام قومی اور صوبائی حلقوں کے ضمنی الیکشن 16 اکتوبر کو ہی ہوں گے تاہم قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم میں 16 اکتوبر کو انتخابات نہیں ہوں گے اور اس نشست پر انتخابات کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کےاجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہی ہوں گے۔

ای سی پی نے انتخابات کے التواء کے حوالے سے حکومتی درخواست پر پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹریز اور آئی جی کو بھی طلب کیا تھا۔

حکومت نے قومی اور پنجاب اسمبلی کی 12 اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی استدعا کر رکھی تھی۔

متعلقہ تحاریر